گوجرانوالہ میں انتہائی افسوسناک حادثہ، دو مسافر وین سڑک پرکھڑے ڈمپرسے ٹکرا گئیں 12 افراد جاں بحق

اسلام آباد (پی این آئی)گوجرانوالہ میں کوٹ لدھا کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں بارہ افراد جاں بحق، جب کہ آٹھ زخمی ہوگئے۔نجی ٹی وی سماء کے مطابق ریسکیو کے مطابق حافظ آباد روڈ پر دو مسافر وین سڑک پرکھڑے ڈمپرسے ٹکرا گئیں۔ دونوں مسافر وین سرگودھا سے گوجرانوالہ جا رہی تھیں۔ حادثہ ون وے پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں چھ خواتین اور بچی بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا۔دونوں وینز میں گوجرانوالہ کے 28 افراد سوار تھے،

جو کہ عرس میں شرکت کے بعد سرگودھا سے واپس لوٹ رہے تھے۔ مرنے والوں میں بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔امدادی کارکنوں کے مطابق حادثہ اتنا شديد تھا کہ تباہ شدہ وينز کو کاٹ کر لاشوں کو نکالا گيا۔واضح رہے کہ دو روز قبل جامشورو انڈس ہائی وے پر بھی مسافر وین اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں17 افراد جاں بحق اور 7زخمی ہوگئے تھے۔مسافر گاڑی مانجھند کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر سے ٹکرائی تھی ، حادثے کا شکار افراد مزدور تھے جو نوشہرو فیروز سے مزدوری کیلئے کراچی جارہے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close