سیالکوٹ، ٹک ٹاک بنانے کا جنون، پالتو بھینس کو گولی مار کر ویڈیو وائرل کر دی، پولیس نے گرفتار کر لیا

سیالکوٹ (پی این آئی) پنجاب پولیس نے ٹک بنانے کے جنون میں مبتلا ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے جس نے محض ویڈیو وائرل کرنے کے لیے اپنی پالتو بھینس کو گولی مار دی۔ پنجاب پولیس کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے اعلان کیا گیا ہے کہ پولیس نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے بھینس کو گولی مارنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سفید شلوار اور قمیض پہنے ایک شخص کو کھوٹے سے بندھی ایک بھینس کو گولی مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے پنجاب پولیس سے درخواست کی کہ بھینس کو گولی مار کر قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کیا جائے۔ جمعرات کو ایک ٹویٹ میں پنجاب پولیس نے اگاہ کیا کہ سیالکوٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ٹک ٹاک کے جنون میں پالتو بھینس کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے ظالم شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ملزم نے ٹک ٹاک پر شہرت حاصل کرنے کے لیے اپنی پالتو بھینس کو گولی مار کر ہلاک کیا اور ویڈیو ٹک ٹاک پر اپلوڈ کردی تھی۔

پولیس کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں بھینس کو ہلاک کرنے والے شخص کو ہاتھوں میں ہتھکڑی پہنے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close