گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سےہٹانے کا نوٹیفیکیشن جاری، قائم مقام گورنر کون ہو گا؟

لاہور (پی این آئی) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سےہٹا دیا گیا- اسپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے، نوٹی فیکیشن- تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سینیئر جوائنٹ سیکرٹری کیبنٹ تیمور تجمل کے دستخط سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عہدےسےہٹایا گیا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔ حکومت پنجاب کے مطابق گورنرپنجاب کو ہٹائےجانے کے بعد ان سے سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرسرفراز چیمہ گورنر ہاؤس آئے تو داخل نہیں ہونے دیا جائےگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےگورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو ہٹانےکی وزیراعظم کی ایڈوائس مسترد کردی تھی۔

ایون صدر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت کا کہنا ہےکہ گورنر پنجاب کو صدر پاکستان کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جاسکتا، آئین کے آرٹیکل 101کی شق 3 کے مطابق گورنر، صدرکی رضامندی تک اپنے عہدے پر رہےگا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گورنر پر بدانتظامی کاکوئی الزام ہے نہ کسی عدالت سے سزا ہوئی، گورنر پنجاب نے نہ ہی آئین کے خلاف کوئی کام کیا، اس لیے انہیں ہٹایا نہیں جا سکتا، صدرکا فرض ہے کہ آئین کےآرٹیکل 41 کے مطابق پاکستان کے اتحاد کی نمائندگی کرے۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات پر رپورٹ ارسال کی تھی، گورنر پنجاب نے وزیراعلٰی پنجاب کے استعفے اور وفاداریوں کی تبدیلی پر رپورٹ ارسال کی تھی، مجھے یقین ہےکہ گورنرکو ہٹانا غیر منصفانہ اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہوگا، آرٹیکل 63 اے ممبران اسمبلی کو خریدنے جیسی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں دستور پاکستان کے اُصولوں پر قائم رہنے کے لیے پرعزم ہوں، گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیر اعظم کی ایڈوائس کومسترد کرتا ہوں-

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close