مظفرآباد سمیت چھوٹے بڑے شہروں سے وال چاکنگ، پینا فلیکس، بیننرز تجاوزات کے خاتمے، صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر کے اہم فیصلے

مظفرآباد (پی این آئی) آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں سے وال چاکنگ، پینا فلیکس، بیننرز تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے انتہائی اہم فیصلے کیے ہیں۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز اور میونسپل کارپوریشنوں کے ایڈ منسٹریٹرز کو اپنے اپنےبشہروں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے 15ایام کا ٹاسک دیا ہے۔


وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے مظفرآباد شہر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد تمام متعلقہ محکموں کو تحریری ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ ہدایت نامے میں دارالحکومت سمیت پونچھ اور میرپور ڈویژن کے شہروں میں مستقل صفائی سمیت گلیوں اور گھروں کو نمبرات لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہروں سے وال چاکنگ۔ بینرز اور پینافلکس ختم کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ حکومتی احکامات اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی کیئے جائیں گے۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ شہروں کی معروف شاہراہوں اور اہم تجارتی مراکز کی سٹریٹ لائٹس کو فوری طور پربحال کیا جائے شہروں کی تمام سیوریج لائینوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹائی جائیں اور شہروں کی تمام بوسیدہ اور نامکمل عمارتوں کی حالت درست کراتے ہوئے غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی جانب سے آزادکشمیر کے مظفرآباد، پونچھ اور میرپور ڈویژن کےکمشنرز کو حکومتی احکامات پر عمل کروا کر وزیراعظم آفس کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں