عمران خان حکومت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے شرط بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان قبل ازوقت انتخابات کیلئے حکومت کیساتھ بات کرنے کو تیار ہیں، سابق حکومت کی اداروں کیساتھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، کوشش ہے صلح ہوجائے، فوج جمہوریت کا تسلسل برقراررکھنا چاہتی ہے، جمہوریت کیلئے قبل ازوقت انتخابات کرائے جائیں، لانگ مارچ کا مقصد جلد انتخابات کا اعلان ہے۔

 

انہوں نے غیرملکی نیوز ویب سائٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کی اداروں کیساتھ غلط فہمیاں پیداہوگئی تھیں جو نہیں ہونی چاہیے تھیں، لڑائی کے حق میں نہیں، چاہتے ہیں ان کی صلح ہو جائے، قبل ازوقت عام انتخابات کیلئے عمران خان حکومت کیساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں، لانگ مارچ کا مقصد جلد انتخابات کا اعلان ہے، فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، فوج ملک میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتی ہے، جمہوریت قائم رکھنے کیلئے قبل ازوقت انتخابات کرائے جائیں، عام انتخابات کی تاریخ لیے بغیر لانگ مارچ کے شرکا واپس نہیں جائیں گے، اداروں سے کسی صورت محاذ آرائی نہیں چاہتے، اگر لڑائی ہوئی توعمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔

 

انہوں نے مئی سے پہلے انتخابات کی تاریخ لینے کے حوالے سے کہا کہ سیاسی کارکنان کے جذبات ہوتے ہیں ، ایک مہینہ لگا چکے ہیں ایک اور لگا لیںگے، جون میں بجٹ آ جائے گا، میرے خیال میں ہمیں31 مئی کا ذہن بنانا چاہیے ، ہم یا آر ہو جائیں گے یا پار ہو جائیں گے، یا ہماری سیاست غرق ہو جائے گی یا ہم چھا جا ئیں گے، اگرلوگ اسلام آباد آ گئے تو ہم چھا جائیں گے، پھر ہم انتخابات کی تاریخ لئے بغیر نہیں جائیں گے۔ انہوں نے تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے دعوؤں بارے کہا کہ مجھے ایم کیو ایم پر پورا یقین تھا، جس دن ایم کیو ایم گئی اس دن میں نے کہا ہم ہار گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں