جاپانی لوگ صبح صبح گھر کے باہر کی صفائی کیوں کرتے ہیں اور گھر کے باہر گاڑی کھڑی کرنے سے جرمانہ کیوں ہوجاتا ہے؟ دلچسپ عادات

ہم اکثر اپنے ملک میں پھیلی گندگی اور بے ہنگم نظام کا موازنہ دوسرے ملکوں سے کرتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچتے کہ ترقی یافتہ ممالک میں بسنے والے شہری اپنے ملک کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے کتنے جتن کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک ملک جاپان ہے جس کے نظم و ضبط اور صفائی کی دنیا مثال دیتی ہے۔ آج کے اس آرٹیکل میں ہم بات کریں گے جاپانی افراد کی ان عادتوں کی جس کی وجہ سے وہ دنیا بھر میں ایک نفیس قوم کے طور پر مشہور ہیں۔

 

صبح صبح گھر کے باہر صفائی کیوں کرتے ہیں؟
جاپان میں یہ روایت عام ہے کہ صبح ہوتے ہی گھر کے باہر صفائی شروع ہوجاتی ہے۔ یہ دیکھ کر دنیا کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے سیاح حیران رہ جاتے ہیں۔ بی بی سی ٹریول کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک جاپانی نے اس حوالے سے بتایا کہ “ہم جاپانی دنیا کے سامنے اپنے امیج کے لئے کافی حساس ہوتے ہیں اور ہمیں یہ گوارا نہیں کہ کوئی ہمیں گندا سمجھے اس لئے صبح اٹھ کر گھروں کے باہر صفائی کرنا اب ایک روایت بن چکا ہے۔

 

کچرا رکھنے پر نوٹس کیوں آجاتا ہے؟
ہمارے گھروں میں کچرا اٹھانے والا روز آتا ہے پھر بھی ہر طرف گندگی پھیلی ہوتی ہے اس کے مقابلے میں حیرت انگیز طور پر جاپان میں صرف ہفتے میں 3 دن کچرا اٹھانے والی گاڑی آتی ہے اور پورے محلے میں کچرا رکھنے کے لئے مخصوص جگہ سے کچرا لے جاتی ہے البتہ ہفتے میں 3 مخصوص دنوں کے علاوہ اگر وہاں کچرا رکھا جائے تو فوری طور پر کچرا رکھنے والے کے گھر تنبیہہ کا نوٹس آجاتا ہے۔

 

گاڑی گھر کے باہر کھڑی کرنے کا کرایہ دینا پڑتا ہے
بھارت کے ایک وی لاگر جو جاپان میں ہی رہائش پذیر ہیں، اپنے بلاگ میں بتاتے ہیں کہ جاپان میں گھر کے باہر گاڑی پارک کرنا ممکن نہیں یہاں تک کہ اپنے گھر کے باہر بھی ایسا نہیں کرسکتے بلکہ انھیں اس کا ماہانہ کرایہ ١٠ ہزار روپے ادا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی عوامی مقام پر کچھ گھنٹوں کے لئے باقاعدہ ٹکٹ لے کر پارکنگ خریدی جاتی ہے۔ اگر ٹکٹ نہ لیا جائے تو جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے فوراً قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو پکڑ لیتے ہیں۔

 

چپل گھر کے باہر
جنون کی حد تک صفائی کے شوقین جاپانیوں کو بہت ناگوار گزرتا ہے اگر کوئی مہمان اپنے جوتے چپلوں سمیت ان کے گھر کے اندر داخل ہوجائے تو۔ اس کے لئے ان کے گھر کے باہر ایک حصہ چپل رکھنے کے لئے مخصوص ہوتا ہے۔

 

شادیاں دوپہر کے وقت ہوتی ہیں
دنیا بھر میں شادیاں عموماً شام یا رات کے وقت کی جاتی ہیں کیوں کہ یہ وقت ٹھنڈا اور قدرے خوشگوار ہوتا ہے۔ تصاویر بھی اچھی آتی ہیں لیکن جاپان کا معاملہ ذرا مختلف ہے۔ یہاں شادیوں کی تقریبات دوپہر میں منعقد کی جاتی ہیں جس کے لئے یہ رات کے کھانے کے بجائے دوپہر کے کھانے کا اہتمام کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close