میں نے کام کرنا اس لیے چھوڑا کیونکہ ۔۔ مشہور اداکارہ عارفہ صدیقی کی 22 سال بعد واپسی

عارفہ صدیقی یہ وہ نام ہے جو ہزاروں لاکھوں پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے۔ یاد رہے مشہور پاکستانی اداکارہ نے 2001 میں انکار ڈرامے کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا لیکن اب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوئی ہیں۔انہوں نے شوہر تعبیر کے ساتھ مل کر ایک “گانا کچھ بھی نہیں” تیار کیا ہے جو کہ ان کے یوٹیوب چینل “عارفہ اینڈ تعبیر” پر دیکھا جاسکتا ہے۔

 

اس خوبصورت گانے کو بنانے والے بھی یہ خود ہی ہیں اور اس میں اداکاری کے جوہر بھی میاں بیوی نے خود ہی دیکھائے ہیں ۔اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے عارفہ کا کہنا تھا کہ میں نے جب ڈرامہ انڈسٹری چھوڑی تو اس وقت پرائیوٹ چینل کھل رہے تھے اور ان میں کام بھی معیاری نہیں ہو رہا تھا تو اس وجہ سے اداکاری کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ہاں لیکن میوزک میری دنیا میں نے نہیں چھوڑی۔اور استاد نذر حسین صاحب کے ساتھ جتنا وقت گزرا وہ بہت اچھا تھا اور ان سے کافی کچھ سیکھنے کو ملا اور شروع سے ہی مجھے گلوکاری کا بھی شوق تھا واضح رہے کہ استاد نذر حسین ان کے پہلے شوہر تھے۔دوران انٹرویو ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے شوہر ایک بہت ہی قابل، ہونہار شخص ہیں، میں انکے ساتھ بہت خوش ہوں اور مستقبل میں بھی جو گانے گاؤں گی اس میں بھی شوہر ہی ساتھ ہوں گے۔

 

اس کے علاوہ جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ آپ بہت ہی ہلکی آواز میں بات کرتی ہیں تو کیا اب بھی ویسے ہی بات کرتی ہیں تو کہتی ہیں جی ہاں بالکل میری والدہ نہایت ہی ہلکی آواز میں بات کرتی تھیں تو یہ عادت مجھے ان سے ملی ہے۔ یہی نہیں بلکہ آج بھی میں غصہ نہیں کرتی بس بات برداشت کرتی ہوں۔ کچھ بھی ہو جائے غصے پر قابو رہتا ہے۔واضح رہے کہ عارفہ صدیقی پی ٹی وی کے دور کی ایک مشہور و معروف اداکارہ ہیں جو 9 جون 1969 میں لاہور میں پیدا ہوئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں