گورنر ہاؤس میں حمزہ شہباز کے حلف کی تیاریاں، غنڈوں نے قبضہ کر لیا ہے۔ گورنر سرفراز چیمہ نے صدر علوی سے رینجرز بھیجنے کی درخواست کر دی

لاہور (پی این آئی) پنجاب کے گورنر عمر سرفراز چیمہ نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے درخواست کی ہے کہ صدر مملکت فوری رینجرز کی نفری گورنر ہاؤس بھجوائیں۔گورنر پنجاب نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس پر پنجاب پولیس کے ذریعے غنڈوں نے قبضہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اجازت کے بغیر گورنر ہاؤس میں سیکڑوں پولیس اہلکار بھیجے گئے، گورنر ہاؤس پر انتظامی طور پر آئین شکنی کی گئی۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی آج کسی سرگرمی کو گورنر کی اجازت حاصل نہیں ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر گورنر ہاؤس لاہور میں آج حمزہ شہباز وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھائیں گے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف ان سے حلف لیں گے۔ اس موقع پر گورنر ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ مال روڈ پر گورنر ہاؤس آنے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، واٹر کینن بھی گورنر ہاؤس کے باہر موجود ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب کے سلسلے میں گورنر ہاؤس، وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close