حمزہ شہباز سے حلف کا معاملہ، گورنر پنجاب آئینی ماہرین سے مشورے کے بعد فیصلہ کریں گے

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے سیاسی معاملات پر غور کیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی گئی جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین سے مونس الہٰی نے بھی ملاقات کی۔پنجاب کے سیاسی اور آئینی بحران پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں عثمان بزدار، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، شفقت محمود، سبطین خان، میاں محمود الرشید اور ایڈووکیٹ جنرل احمد اویس نے شرکت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گورنر پنجاب آئینی ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ مسلم لیگ ن کے غیر آئینی اقدامات کو روکا جاسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جس طرح پولیس کو استعمال کر کے ایوان کا تقدس مجروح کیا گیا وہ شرمناک ہے، ہمارے منخرف اراکین کے خلاف ریفرنس پر بھی الیکشن کمیشن فیصلہ کیوں نہیں کر رہا۔ادھر سابق وزیر اعظم عمران خان سے مونس الہٰی نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں صوبے کی سیاسی، انتظامی اور اتحادی امور، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے انصاف پروفیشنلز فورم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، عندلیب عباس و دیگر سینئر قیادت سمیت وکلا، ڈاکٹرز، انجینئرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔تمام شرکا نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، عمران خان سمیت ڈاکٹر یاسمین راشد، عندلیب عباس اور اعجاز چودھری نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا، چاہتا ہوں جب کال دوں کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔

ایوان اقبال میں ورکرز کنونشن سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی چوری بچانے کیلئے پورے ملک کو غلام بنا دیں گے، ملک پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت سے امریکا ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکا بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا، امریکا کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار افراد مارے گئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی کے ذریعے کورونا کا مقابلہ کیا، مشرف دور میں بیرونی قرض 2 یا 3 ارب ڈالر بڑھا، ان کے دور میں 50 ہزار ارب ڈالر بیرونی قرضے میں اضافہ ہوا، شہباز شریف پر ایف آئی اے میں کرپشن کے کیسز ہیں، مشرف نے امریکا کے دبا میں انہیں این آر او دیا، یہ این آر او ٹو لیں گے تو انصاف کے نظام کی قبر کھو دی جائے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے وزارت عظمی سنبھالتے ہی ایف آئی اے میں تبادلے کیے، شہباز شریف اب اپنے کیسز ختم کرائیں گے، یہ صفائی کر کے پھر سے لوٹ مار شروع کریں گے، نیب، عدالتیں صرف چھوٹے چھوٹے چوروں کو پکڑیں گی، طاقتور چوروں کو ہمارا نظام نہیں پکڑ سکے گا۔ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا ایجنٹ ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں