عمران خان سے ملاقات میں کیا مشورہ دیا؟ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ عدلیہ کے خلاف مہم نہ چلائی جائے۔اینکر پرسن غریدہ فارقی نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ان کی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے بات ہوئی ہے۔ ثاقب نثار نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی خواہش اورفرمائش پراُن سے ملاقات کی۔کسی بھی قانونی اَمَر بشمول پنجاب حلف برداری قطعاً زیرِبحث نہیں آئی۔

میں نےخان کو مشورہ دیا کہ عدلیہ کیخلاف مہم نہ چلائی جائے، یہ مہم انتہائی نامناسب اور غیرضروری ہے، عدلیہ کا احترام کیاجائے۔نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سابق چیف جسٹس نے ملاقات کے بعد بتایا کہ انہوں نے عمران خان کو کہا کہ عدلیہ پر تنقید نہیں ہونی چاہیے، عمران خان نے کہا کہ عدلیہ پر تنقید سوشل میڈیا کرتا ہے اور ہم سوشل میڈیا کو نہیں روک سکتے۔ ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ وہ ریٹائرڈ آدمی ہیں اور کسی سے بھی مل سکتے ہیں۔خیال رہے کہ ثاقب نثار نے زمان پارک میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق سابق چیف جسٹس کو عمران خان نے قانونی معاملات پر مشاورت کیلئے بلایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں