بہاولپور(پی این آئی) وفاقی وزیر برائے تحفظ خوارک طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ میں نے سابق حکومت کے ساتھ اپنی راہیں بہاولپور صوبے کی وجہ سے الگ کیں۔ بہاولپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے مجھ سے بہاولپور صوبے کی بحالی کا وعدہ کیا تھا.جو انہوں نے پورا نہیں کیا لہٰذا میں نے تحریک عدم اعتماد میں ان کے خلاف ووٹ کا حق استعمال کیا۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ”میں بہاولپور صوبے کی بحالی کے عزم پر ثابت قدم ہوں جو بہاولپور کے لوگوں کا بنیادی مسئلہ ہے۔ عمران خان نے مجھ سے بار بار وعدہ کیا کہ وہ پہلے بہاولپور کے لوگوں کا یہ مطالبہ پورا کریں گے اور اس کے بعد جنوبی پنجاب صوبے کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا لیکن عملاً انہوں نے اس حوالے سے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”میں وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بحالی صوبہ بہاولپور میں کردار ادا کریں۔“ عمران خان کے امریکی سازش کے الزام سے متعلق بات کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ”امریکہ نے عمران خان کے خلاف سازش کیوں کرنی تھی؟ عمران خان کا کوئی ایک ایسا کام بتا دیں جو انہوں نے امریکہ کے خلاف کیا ہو؟“موجودہ حکومت کو درپیش چیلنجز کے متعلق بات کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں