وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کس کرنسی سے لاعلم نکلے؟ امریکا میں اعتراف کر لیا

واشنگٹن (پی این آئی) پاکستان میں سرمایہ کاری لانے کی امید پر امریکہ جانے والے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ویب 3.0 ، فن ٹیک اور ڈیجیٹل کرنسی سے لاعلم نکلے۔اٹلانٹک کونسل میں گفتگو کے دوران میزبان نے کہا کہ صرف ویب 3.0 اور ڈیجیٹل کرنسی کے شعبے میں اگلے 20 سال میں پاکستان کیلئے 100 ارب ڈالر تک کی برآمدات کا موقع ہے، آپ کی اس نئے شعبے کے بارے میں کیا سوچ ہے؟

میزبان کے اس سوال پر مفتاح اسماعیل نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں واقعی نہیں پتا کہ ویب 3.0 کیا ہے، لیکن انہیں یہ پتا ہے کہ فن ٹیک اور نئی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے گزشتہ سال پاکستان میں کافی پیسے کمائے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ یہ کمپنیاں پھلیں پھولیں۔ انہیں نہیں پتا کہ وہ کس طرح ان کمپنیوں کی مدد کرسکتے ہیں البتہ انہیں یہ پتا ہے کہ کس طرح ان کمپنیوں کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اگر حکومت ان سے دور ہی رہے تو اس سے ان کمپنیوں کو بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ہم ان نئی کمپنیوں پر ٹیکس لگاکر انہیں ان کے حال پر چھوڑ سکتے ہیں تاکہ یہ اپنے طور پر ترقی کرتی رہیں، ہم کوشش کریں گے کہ حکومت ان کمپنیوں میں زیادہ ملوث نہ ہو تاکہ انہیں پھلنے پھولنے کا موقع ملے۔ وہ فن ٹیک، ویب 3.0 اور ڈیجیٹل کرنسی سے اتنے زیادہ واقف نہیں ہیں اس لیے وہ اس سوال کا یہی ایک مختصر جواب دے سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں