ساڑھےتین سال میں عمران خان کا ہیلی کاپٹر کے استعمال پر کتنا خرچہ آیا؟ تفصیلات جاری کردیں

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال پر گذشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران تقریباً 98 کروڑ 35 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی جانب سے جاری دستاویز کے مطابق اگست 2018 میں وزیراعظم عمران خان کے عہدہ سنبھالنے سے مارچ 2022 تک ان کے ہیلی کاپٹر کے ایندھن، مرمت وغیرہ کی مد میں تقریباً ایک ارب کے قریب رقم خرچ ہوئی۔

 

ہیلی کاپٹر کی ایک گھنٹے کی پرواز 2 لاکھ 75 ہزار روپے کی پڑتی ہے۔حکومتی دستاویزات کے مطابق بنی گالہ سے وزیراعظم آفس کا سفر 15 کلومیٹر ہے۔ عمران خان کے ہیلی کاپٹر پر روزانہ 8 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ آیا ہے۔اس حوالے سے جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ’وہ کہتے تھے کہ سائیکل پر دفتر جائیں گے مگر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس تک ہیلی کاپٹر پر جاتے رہے جس پر قوم کے 98 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ابتدائی دنوں میں جب وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر تنقید ہوئی تھی تو اگست 2018 میں اس وقت کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کا استعمال اس لیے کیا جاتا ہے کہ روٹ لگا کر عوام کو تنگ نہ کیا جائے۔انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ’ہیلی کاپٹر اتنی مہنگی سواری نہیں بلکہ اس پر صرف 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر خرچ آتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں