ہونہارکشمیری نوجوان احسن زاہد کا بڑا اعزاز ، امریکن فیڈرل ایویشن سے کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کر لیا، علاقے میں خوشی کی لہر

اسلام آباد ( پی این آئی)  ہونہارکشمیری نوجوان احسن زاہد نے بین الاقوامی سطح پر بڑا اعزاز حاصل کرلیا، احسن نے امریکن فیڈرل ایویشن سے کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کر لیا۔ اہل علاقہ نے اس کامیابی پر احسن زاہد اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ احسن زاہد راولاکوٹ ائیر پورٹ کو فعال کرنے کے لیے ایک جامعہ اور قابل عمل منصوبہ پر بھی کام کر چکے ہیں اور حکومت کی طرف سے درپیش تعاون کی صورت میں وہ ریاست میں قائم ائیر پورٹس کو فنکشنل کرنے میں معاونت کر سکتے ہیں۔ احسن اس وقت خلیجی ملک کی ائر لائن میں ذمہ دارایاں سرانجام دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ہونہار نوجوان احسن زاہد نے امریکن فیڈرل ایویشن ایڈمنسٹریشن سے امریکی فضاوں میں تین سو گھنٹوں سے زاید پرواز کا تجربہ حاصل کرتے ہوئے کمرشل لائسنس حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل احسن زاہد پرائیوٹ پائلٹ کا لائسنس اور انسٹرومنٹ ریٹنگ کے اعزازات اپنے نام کرچکے ہیں۔ احسن زاہد کا تعلق خطہ پونچھ کی زرخیز دھرتی راولاکوٹ دریک سے ہے۔ احسن، زاہد انور کے بیٹے اور معروف فٹبال و کرکٹ پلیئر غصان زاہد کے چھوٹے بھائی ، مرحوم ڈاکٹر افتخار کے بھتیجے اور ماہر ماحولیات ڈاکٹر صبور کے بھانجھے ہیں ۔

احسن زاہد کے فیملی ممبران کا کہنا ہے کہ اس احسن نے پرل ویلی سکول راولاکوٹ سے 1996 میں تعلیم کا آغاز کیا اور لاہور کی ایک ممتاز جامعہ سے “ایویشن مینجمنٹ” میں گریجویشن مکمل کی۔ گریجویشن کے بعد انہوں نے قطر کے لیے اڑان بھری ۔فیملی ممبران کا کہنا ہے کہ کامیابی کے اس سفر میں احسن تاحال محو پرواز ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ احسن وہ واحد پائلٹ ہیں جنہوں نے بغیر کسی پاکستانی سرکاری یا نیم سرکاری ادارے کی سرپرستی کے اپنی محنت، لگن، شوق، ذہانت اور اپنی مدد آپ کے تحت یہ مقام حاصل کیا ہے۔ان کے والدین کے مطابق احسن کے کھلونے بھی جہاز ہوا کرتے تھے، البم جہاز کی تصاویر سے بھرے رہتے اور وہ اپنے ہاتھ سے جو بناتا وہ خود بخود جہاز کی شکل اختیار کر جایا کرتے تھے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں