آزادکشمیر میں فلوری کلچر کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کا پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے بعد خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں فلوری کلچر کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ نوجوانوں کو فلوری کلچر کے ڈپلومہ کورسز کروا کر انہیں اپنا کاروبار کرنے کے لیے قرضہ جات بھی فراہم کیے جائیں۔ مظفرآباد شہر میں لوگوں کی تفریح کے لیے مزید گارڈنز بنائے جائیں۔

 

ملک کے مختلف ریسرچ سٹیشن اور زرعی یورنیورسٹیز کے تجر بات سے فائدہ اٹھایا جائے اور ان سے راہنمائی حاصل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام بنائے گئے گلشن گلاب فیملی پارک میں پھولوں کی نمائش کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ارشاد احمد قریشی، ڈائریکٹر جنرل زراعت طارق محمود بانڈے، ڈائریکٹر جنرل اسماء گلزار حسین، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، پراجیکٹ ڈائریکٹر آبپاشی بشارت حسین درانی، ڈائریکٹر لینڈ یوز پلاننگ مشتاق احمد پیز ادہ اور محکمہ زراعت کے آفیسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے پارک میں پھولوں کی مختلف اقسام کا معائنہ کیا اور محکمہ زراعت کی کارکردگی کو سراہا۔ پراجیکٹ انچار ج روز گارڈن مرتضی گیلانی نے انہیں پھولوں کی مختلف اقسام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک میں 26 اقسام کے 7 ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ یہ پارک شہر کے لوگوں کی تفریح کا بھی بڑا مرکز ہے جہاں روز انہ سینکڑوں فیملیز آتی ہیں۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے محکمہ زراعت کے آفیسرا ن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں فلوری کلچر کا پوٹینشل موجود ہے۔

 

اس حوالے سے محکمہ زراعت کو جامع پلاننگ کے تحت کام کرنا ہوگا اور نوجوان نسل کو اس طرف راغب کرکے ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسماء اکیڈمی میں اس حوالے سے ڈپلومہ کورسز کا اجراء کیا جائے اور کورسز مکمل کرنے والوں کو آسان قرضہ جات کی فراہمی کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ اپنا روزگار خود حاصل کر سکیں اور ریاست سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے اس موقع پر محکمہ زراعت کی کارکردگی کو سراہا اور اس طرح کے مزید پارکس کے لیے جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پارکس بنانے کی ہدایت بھی کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں