ڈپٹی سپیکر دوست مزاری پر تشدد کا مقدمہ درج، پرویز الٰہی کو مقدمے کے اندراج سے انکار ،وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد (پی این آئی)پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پر تشدد اور ہنگامہ آرائی کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کر دیا گیا۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری پر تشدد اور اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کر دیا گیا، جس میں اقدام قتل، سرکاری امور میں مداخلت اور دیگر دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری طرف اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی پر تشدد کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا، پنجاب اسمبلی میں

ہنگامہ آرائی کے دوران اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر انھوں نے مقدمے کے اندراج کے لیے تھانہ قلعہ گجر سنگھ خود جا کر درخواست دی تھی۔تاہم قلعہ گجر سنگھ پولیس نے پرویز الہٰی کو اپنا میڈیکل کرانے کی ہدایت کر دی، تھانے نے ان کو میڈیکل کرانے کے لیے لیٹر بھی جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل کرانے آئیں تا کہ معائنے کے بعد مزید کارروائی کی جا سکے۔پرویز الہٰی نے درخواست میں نو منتخب

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف، رانا مشہود، مجتبیٰ شجاع الرحمٰن ، سلمار رفیق، افضل کھوکھر، آئی جی پولیس پنجاب، اور چیف سیکریٹری پنجاب کو نامزد کیا تھا۔ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی مقدمہ درج کیا جائے گا، میڈیکل رپورٹ نہ آنے پر درخواست کو خارج کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں