محمد بن سلمان کا وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلیفون

​اسلام آباد(پی این آئی) سعودی عرب کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر پرتپاک مبارک دی۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہبازشریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر پْرجوش نیک تمنائوں اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد کی طرف سے تہنیت پر شکریہ ادا کیا

اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے مراسم استوار کرتے ہوئے کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انتہائی گرمجوش اور دوستانہ بات چیت کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین عزت مآب شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اپنی بصیرت افروز قیادت میں سعودی عرب میں حیرت انگیز ترقی اور بہتری کے حصول پر زبردست ہدیہ تبریک پیش کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان استوار برادرانہ

تاریخی تعلقات جوگزشتہ سات دہائیوں پر محیط سٹرٹیجک تعلقات کا طرہ امتیاز رہے ہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ان تعلقات کو نئی بلندیوں اور رفعتوں سے ہمکنار کرنے کے اپنی حکومت اور اپنے ذاتی پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ اور عالمی فورمز کی سطح پر تاریخی حمایت اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا جبکہ سعودی ولی عہد نے یقین دلایا کہ سعودی عرب ہمہ وقت پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم اور ولی عہد نے تمام شعبوں میں

دوطرفہ تعلقات کو متنوع اور مزید مضبوط بنانے خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔سعوی ولی عہد نے وزیراعظم کو اپنی اولین فرصت میں سعودی عرب کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ سعودی ولی عہد کی فراخ دلانہ دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے ولی عہد کو پاکستان کا’ سٹیٹ وزٹ ‘کرنے کی دعوت بھی دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close