وزیراعظم آزادکشمیر کی زیر صدارت رمضان پیکج پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت رمضان پیکج پر عملدرآمد کاجائزہ لینے کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری خوراک سمیت دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تینوں ڈویژن کے کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

سیکرٹری خوراک نے اجلا س کو رمضان المبارک میں سستا آٹا کی فراہمی کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آبادی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے فلو ر ڈپوز پرسبسڈائیزڈ آٹا تقسیم کیا جارہا ہے تاکہ ہر آدمی تک حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈ ی کے ثمرات پہنچ سکیں۔ جہاں سے شکایات موصول ہورہی ہیں وہاں انتظامیہ کے ساتھ ملکر انکا ازالہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ روزانہ900سے1000ہزار ٹن آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔ پاسکو سے 20ہزار ٹن گندم مزید خریدنے کے حوالہ سے وفاق سے رابطہ کیا جاچکا ہے جو کہ جلد ملنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک نے آٹا کی قیمتوں میں اضافے کے حوالہ سے یکم اپریل کو وزیراعظم آزادکشمیر کو فی من 400روپے قیمت بڑھانے کے لیے سمری ارسال کی جو کہ وزیراعظم نے مسترد کر دی، مارچ کے مہینے میں مارکیٹ میں گندم کی قیمت1800تھی جو کہ اپریل میں 2200تک چلا گیا اس وجہ سے محکمہ خوراک کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی ڈیمانڈ کی گئی تھی جو کہ وزیراعظم نے نہ صرف مسترد کی بلکہ آزادکشمیر کے عوام کو فی من مزید400روپے سستاآٹا فراہم کیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی روزانہ کی بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے، گرا ں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ رمضان پیکج کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچنے چاہیں، انتظامیہ رمضان پیکج پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ لوگوں تک حکومت کی جانب سے سبسڈی کا فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا نہ ہو کہ ڈیلرز سبسڈائزڈ آٹا خرید کر عید کے بعد مہنگے داموں بیچنا شروع کر دیں، یہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ رمضان پیکج مستحق اور غریب لوگوں کیلئے ہے ان تک یہ پہنچنا چاہیے۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں