عبدالعلیم خان اور حمزہ شہباز کے درمیان لڑائی ؟ علیم خان خود میدان میں آ گئے، پیغام جاری کر دیا

لاہور (پی این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ن لیگ اور ترین گروپ میں معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ عبدالعلیم خان بھی وزیراعلیٰ کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں اور صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متعلق معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

 

اس دوران گزشتہ روز ایک صحافی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حمزہ شہباز اور علیم خان کے درمیان ایک نجی ہوٹل میں لڑائی اور تلخ کلامی ہوئی ہے جس پر پی ٹی آئی کے منحرف رہنما علیم خان خود میدان میں آ گئے ہیں اور ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو چھوٹا بھائی قرار دیدیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”پرویز الہیٰ صاحب کو اپنی ہار نظر آر ہی ہے۔ان کو پتہ چل چکا ہے کہ شکست ان کا مقدر بن چکی ہے تو وہ بھونڈی حرکتوں پر آگئے ہیں۔

 

حمزہ کے ساتھ میرا بہت ہی اچھا محبت اور عزت کارشتہ ہے۔ وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔ “علیم خان کا مزید کہناتھا کہ ”پرویز الہیٰ صاحب کو چاہیے کہ اپنی شکست تسلیم کر لیں۔ الیکشن کے میدان میں آئیں۔ انہیں ایسی حرکتیں کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔“یاد رہے کہ گزشتہ روز صحافی عمران خان نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”لاہور کے ایک ہوٹل میں لڑائی کی خبر۔ پنجاب میں بہت کچھ بدل سکتا ہے۔“اسی منظر نامے کی مزید تشریح کرتے ہوئے صحافی اسد کھرل نے ٹویٹ کیا کہ ”لاہور کے ایک ہوٹل میں علیم خان اور حمزہ شہباز کے درمیان مبینہ طور پرلڑائی اورتلخ کلامی کی خبریں ہیں، اور علیم خان نے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی بھی دی ہے ۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں