لیٹر گیٹ تحقیقات، پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کی پیشکش مسترد کر دی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش مسترد کر دی۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف کی لیٹر گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرانے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں، یہ خود کو این آر او دینے کی بھونڈی کوشش ہے۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیٹر گیٹ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو آزاد کمیشن بنانا چاہیے جس کی سربراہی ایسے شخص کے پاس ہو جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔خیال رہے کہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف نے مراسلہ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں پیش کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کو خط پر ان کیمرا بریفنگ دی جائے جس میں مسلح افواج کے سربراہان، سفیر اور ارکان پارلیمنٹ موجود ہونگے۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سازش ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا، نہ انہوں نے وہ خط دیکھا اور نہ ہی انہیں یہ خط دکھایا گیا، خط کے حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close