شہبازشریف پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب

اسلام آبا د(پی این آئی)متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نامزد امیدوار شہبازشریف پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے ، نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 2بجے کے بجائے تاخیر سے شروع ہوا، قائم مقام سپیکر قاسم سوری نے وزیر اعظم کے انتخاب سے پہلے اپنی سیٹ چھوڑ دی ، ایاز صادق نے اجلاس کی باقی کارروائی چلائی ، ووٹنگ کے بعد ایاز صادق نے نتائج کا اعلان کیا، جس کے مطابق شہبازشریف وزیر اعظم منتخب ہو گئے ،

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی سے چلے گئے ، یاد رہے کہ وزیراعظم کیلئے متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار محمد شہباز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں اور تین مرتبہ وزیراعظم پاکستان رہنے والے میاں نوازشریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں،آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی عملی سیاست میں ان کا کیرئیر بہت شاندار ہے جو چار دہائیوں پر مشتمل ہے ،

آپ کی عوامی خدمت کا کیرئیر 1985 میں بطور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے شروع ہوا۔ اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی پیروی کرتے ہوئے عملی سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔ پہلی دفعہ 1988 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اسمبلی کی یہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی 1990 میں اسے تحلیل کردیا گیا۔1990ـ93کے دوران قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے 1993 میں پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور 1996 تک اپوزیشن لیڈر رہے

۔1997 میں تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن بنے اور وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔ یہ اسمبلی بھی 1999 میں فوجی مداخلت کے سبب تحلیل کردی گئی۔پنجاب حکومت پی ایم ایل این کی مرکزی حکومت کے ساتھ ہی ختم کردی گئی۔ آپ کو قید کرلیا گیا اور بعد میں جبری جلاوطن کردیا گیا۔ میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2008 میں چوتھی مرتبہ بلا مقابلہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 8 جون 2008 سے 26 مارچ 2013 تک دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب خدمات سرانجام دیتے رہے۔ مئی 2013 کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی پی ایم ایل این بھاری مینڈیٹ کے ساتھ پھر اقتدار میں آئی۔

آپ صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں (پی پی۔159، پی پی۔161، پی پی۔247)اور (این اے۔129)کی ایک قومی نشست پر کامیاب قرارپائے تاہم آپ نے پی پی۔159 کی نشست برقرار رکھی نتیجتاً وہ تیسری مرتبہ ریکارڈ حیثیت میں وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔ شہباز شریف 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے عمران خان کے مقابلہ میں وزیراعظم کا انتخاب بھی لڑا ، عمران خان 176 ووٹ لے کر نوزیراعظم منتخب ہوگئے تھے شہباز شریف کو 96 ووٹ پڑے۔

جس کے بعد شہبازشریف قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف نامزد ہوئے۔ شہبازشریف ایک متحرک لیڈر ہیں جو اپنی مضبوط اور بہترین ایڈمنسٹریشن کی بدولت پہچانے جاتے ہیں۔انہیں متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا ہے ،آپ کا صاحبزادہ حمزہ شہباز شریف رکن پنجاب اسمبلی ہیں اور وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close