تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفوں کا اعلان

اسلام آباد(پی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفوں کا اعلان کردیا، نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بعض اراکین نے عمران خان کو استعفیٰ نہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایوان میں ڈٹ کر ان کا مقابلہ کرنا چاہیے، ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ذرائع کے مطابق اراکین کے مشورےپر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کسی صورت اس اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے،

اگر آپ میں سے کوئی استعفیٰ نہ دے تو میں پہلا رکن ہوں گا جو اسمبلی سے استعفیٰ دوں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کل رات سب کو سمجھ آگئی ہوگی کہ پی ٹی آئی کی طاقت کیا ہے۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے فیصلے کے بعد سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی۔اس سے قبل تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے

بعد پہلی مرتبہ عمران خان پارلیمنٹ ہاوس آئے۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ صحافیوں نے عمران خان سے متعلق اتوار کو ہونے والے مظاہروں سے متعلق سوال کیا تو انھوں نے جواب دیا کہ عزت دینے والا اللہ ہے۔ پارلیمنٹ آمد کے بعد عمران خان پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے لیے کمیٹی روم چلے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close