عمران خان کا دور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے سابق وزیر اعظم پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان کا ساڑھے تین سالہ دور تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں چاہے وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں۔ قائد پاکستان عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں پاکستان کے وقار کو بلند کیا ہے اور دنیا میں پاکستان کو ایک عظیم اور خود دار ملک کے طور پر متعارف کرایا جس کی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا اور حقیقی معنوں میں خود کو کشمیریوں کا سفیر ثابت کیا، عمران خان نے بطور وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کیا، صحت کارڈ اور احساس پروگرام کے ذریعے آزاد کشمیر بھر میں بلا تخصیص سروسز فراہم کیں جس کی وجہ سے کشمیری عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں، دنیا بھر میں مقیم کشمیری عمران خان کے خلاف بیرونی سازش پر سیخ پا ہیں، عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنھوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت سے مذاکرات اسی وقت ہو سکتے ہیں جب وہ 5 اگست 2019 سے قبل کی پوزیشن بحال کرے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کو حوصلہ دیا،کشمیری عوام ان سے عقیدت رکھتے ہیں کیونکہ وہ ایک سچے اور کھرے پاکستانی اور عشق رسول ﷺ کے جذبے سے سرشار ہیں۔ وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں عمران خان نے آزادکشمیر کی حکومت کی بھرپور مالی اور سیاسی سرپرستی کی۔

کئی ایک میگا منصوبے ان کی ہدایت پر شروع کیے گئے اور خاص طور پر لوہار گلی ٹنل اور شونٹر ٹنل جیسے منصوبوں پر ضروری منصوبہ بندی اور منظوری آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ایک عالمی سازش تھی جس کے تانے بانے وقت کے ساتھ ساتھ عوام کے سامنے آشکارہو جائیں گے۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے امید ظاہر کی کہ عمران خان اور تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی قوت بن کر دوبارہ ابھریں گے اور کرپٹ عناصر کو اگلے الیکشن میں شکست فاش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو کھوٹے اور کھرے کی تمیز ہے اور وہ جانتے ہیں کہ کس طرح ایک اکثریتی جماعت کو اقتدار سے نکالا گیا۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ حکومت آزاد جموں وکشمیر اور پی ٹی آئی آزادکشمیر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزمائش کی ہر گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ جمہوریت، قومی خودداری، ملکی وفار اور قومی سلامتی کے لیے بھرپور جدوجہد کا عہد کرتی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close