پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے استعفے لے لئے گئے؟ پی ٹی آئی کے نائب چئیرمین شاہ محمود قریشی نے واضح کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے جمع کرنے کی بات درست نہیں ہے، اکثر ارکان کی رائے ہے کہ اسمبلی میں رہ کر امپورٹڈ حکومت کا مقابلہ کیا جائے، عمران خان اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے، وہ پارلیمنٹ آئیں گے اور ووٹ بھی کاسٹ کریں گے۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایوان کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف احتجاج ہو گا۔استعفوں کے معاملے پر میری رائے ہے کہ ایوان کے اندر امپورٹڈ حکومت کا مقابلہ کیا جائے۔اکثریت کی رائے ہے کہ اسمبلی سے نہ نکلا جائے۔استعفوں کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے جمع کروانے کی خبریں درست نہیں ہیں، کل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان سب کی رائے سننے کے بعد جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قبول ہو گا۔کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے ہوئے ہونے والی تلخی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جو بد تمیزی اور بد تہذیبی ہوئی اس کی روایت پاکستان تحریک انصاف یا عمران خان نے قائم نہیں کی۔احسن اقبال کے ساتھ نوبت یہاں تک نہیں آنی چاہیے تھی لیکن شہباز شریف کی نامزدگی پر اعتراض کرنا میرا بنیادی حق ہے۔احسن اقبال اس کے درمیان میں آئے جبکہ ان کا اس سب معاملے سےکوئی تعلق بھی نہیں تھا۔اعتراض میرا حق تھا جبکہ اس کو سپیکر منظور کرے یا نہ کرے یہ ان کا اختیار ہے۔

 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سارا معاملہ کھل کر عوام کے سامنے آ گیا ہے اور جلد سے جلد ووٹنگ کی جانب جا کر فیصلہ کرنے کا موقع بھی انہیں ہی دیا جائے۔منحرف ارکان کی بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل اگر انہوں نے مجھے ووٹ نہ دیا تو ان پر آرٹیکل 63اے لگے گا۔عمران خان کل پارلیمنٹ میں آئیں گے اور ووٹنگ کے عمل میں بھی حصہ لیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں