“عمران خان نے حکومت قربان کردی لیکن غلامی قبول نہیں کی” ،علی محمد خان کا اسمبلی میں انتہائی جذباتی خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حکومت قربان کردی لیکن غلامی قبول نہیں کی، عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ اس نے سامراج کے سامنے ایبسولوٹلی ناٹ کہا، عمران خان عوام کی طاقت سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ واپس آئیں گے۔تحریک عدم اعتماد کے بعد قومی اسمبلی میں انتہائی جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے، عمران خان نے حکومت قربان کردی لیکن غلامی قبول نہیں کی،

آج کا دن بہت سے سوال بھی چھوڑے جا رہا ہے، جس مردِ بحران کو مولانا صاحب یہودی ایجنٹ کہتے تھے ، یہ کیسا ایجنٹ تھا جس کو امریکہ نے ہٹانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کرسی پر عمران خان پھر واپس آئیں گے اور دو تہائی سے واپس آئیں گے، عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ انہوں نے مسلم بلاک اور آزاد خارجہ پالیسی کی بات کی، روس صرف بہانہ ہے ، عمران خان نشانہ ہے، عمران خان نے سامراج کے سامنے کھڑے ہو کر ایبسولوٹلی ناٹ کی بات کی،

ایک وہ بھی وقت تھا کہ یہاں امریکی بوٹ آئے اور ایک یہ وقت ہے کہ عمران خان کی حکومت نہ گری تو نتائج بھگتنا ہوں گے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ آپ جیتے ہیں جس کو ہم عزت کے ساتھ برداشت کریں گے، ہم دشمن نہیں ہیں لیکن آپ کے طریقہ کار سے ہمیں اتفاق نہیں ہے، وقت ثابت کرے گا کہ کون اصلی شیر ہے، میرا لیڈر ڈرا نہیں اور آخری گیند تک کھڑا رہا، وہ عوام کی طاقت سے ایک بار پھر اسی کرسی پر براجمان ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں