آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کی قرارداد منظور، قرارداد وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی اور دیگر وزراء کی جانب سے پیش کی گئی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اطلاعات، انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی، وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید اور وزیر ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی کی طرف سے قرارد اد وزیر منصوبہ بندی وترقیات چوہدری محمد رشید نے ایوان میں پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

قرار دا دمیں کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیرقانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ ایوان وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور سازشوں کو ملک کو عدم استحکام کرنے کی سازشیں سمجھتا ہے۔ ایوان سمجھتا ہے کہ بیرونی قوتیں عمران خان کو وزارت عظمیٰ کے منصب سے ہٹا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی تھیں۔ عمران خان نے ان سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے الیکشن میں جانے کا درست فیصلہ کرکے فیصلہ پاکستان کے عوام پر چھوڑ دیا ہے۔ یہ ایوان وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہنے کا عزم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تجویز پر اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عمران خان ملت اسلامیہ کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز کو متحرک کیا اور عالمی سطح پر رائے عامہ کو کامیابی سے ہموار کیا۔

ایوان اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے انعقاد پر وزیراعظم پاکستان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان مسئلہ کشمیر کو او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے، کشمیری قیادت کو اجلاس میں مدعو کرنے کا بھی زبردست خیرمقدم کرتا ہے۔ ایوان او آئی سی کے مشترکہ ا علامیہ میں ہندوستان سے مقبوضہ کشمیر کی 05اگست2019ء والی پوزیشن بحال کرنے کے مطالبے کا بھی خیرمقدم کرتا ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نہ صرف کشمیریوں کے سفیر ہیں بلکہ کشمیری قوم کے محسن بھی ہیں۔ عمران خان نے جہاں مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر عالمی سطح پر جاندار آواز بلند کی وہاں انہوں نے آزادجمو ں وکشمیر کی تعمیر وترقی کے لئے حکومت آزادکشمیر کو وافر مالی وسائل مہیا کیئے اور ہر ممکن سرپرستی کی۔ جس پر یہ ایوان انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام قائد پاکستان عمران خان کے شانہ بشانہ بیرونی سازشوں کے خلاف ڈٹ کرکھڑے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں