فرح بیچاری کا تو بینک اکائونٹ تک نہیں، کون فرح خان کے دفاع میں میدان میں آگیا؟ کرپشن الزامات پر چیلنج بھی کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے شوہر نے بھی اپنی اہلیہ پر لگائے جانے والے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن جمیل گجر نے کہا کہ ’خاتون اول کے ساتھ ہماری نیاز مندی ہے، کافی پرانا تعلق ہے، تمام الزامات ایبسلوٹلی بے بنیاد ہیں، فرح کو سافٹ ٹارگٹ سمجھتے ہوئے الزامات کا نشانہ بنایا گیا۔

 

جو لوگ رشوت لے کر لگے ہوتے تین سال تک کیا اپنے عہدے سے ہٹتے؟احسن جمیل نے مزید کہا کہ ’اگر کسی نے پیسے لیے ہیں تو ثبوت سامنے لائے جائیں، ہم کوئی ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے، معمول کے مطابق ملک سے باہر ہیں، جو خود مفرور ہیں ہمارے بارے میں کہہ رہے ہیں کہ بھاگے ہوئے ہیں، جب دل چاہے گا وطن واپس آجائیں گے ، پاکستان ہمارا ملک ہے ہم معمول کے مطابق بیرون ملک آتے جاتے ہیں۔‘فرح خان کے شوہر نے کہا کہ جو اعداد و شمار پیش کیے جارہے ہیں یہ ہم نے ایف بی آر کو دیے ہیں، ہمارا کاروبار کسی سے پوشیدہ نہیں ، جن لوگوں کے کھربوں روپے کی جائیدادیں ہیں ان سے کوئی سوال نہیں کررہا، ہماری تمام جائیدادیں ڈکلیئرڈ ہیں۔احسن جمیل گجر نے کہا کہ ’بالکل یہ 19 گاڑیاں ہمارے نام پر ہیں ہم قبول کرتے ہیں۔

 

ان میں ایسی بھی گاڑیاں ہیں جو ہم بیچ چکے ہیں، خریدار نے اپنے نام نہیں کرائی، کچھ گاڑیاں ہم نے 2015 میں خریدی تھیں اس وقت تحریک انصاف کی حکومت نہیں تھی، جس کو شوق ہے ہمارے خلاف عدالت میں درخواست دے، ثبوت پیش کرنے کو تیار ہیں۔‘احسن جمیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’فرح بیچاری کا تو کوئی بینک اکاؤنٹ بھی نہیں ہے، عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے سے جانتا ہوں، ہم پی ٹی آئی میں عہدیدار نہیں، ہمارا گھریلو تعلق ہے، نہ ہمارے کہنے پر کسی کو وزیراعلیٰ بنایا جاتا ہے نہ ہٹایا جاتا ہے، فرح کے گاؤں میں ہماری کوئی ایسی جائیداد نہیں جس میں اضافہ ہوا ہو، اس گاؤں میں سڑک پہلے سے موجود تھی مرمت ہوئی، کوئی نئی سڑک نہیں بنی۔فرح خان کے شوہر نے کہاکہ ’علیم خان کے اختلافات ہمارے ساتھ نہیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں ، وہ جانے اور پارٹی، مریم نواز کی والدہ کے ساتھ کام کیا ہے ان کا احترام ہے، یقین ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی تربیت کا اثر ان پر ضرور ہوگا، ہم جیٹ پر جائیں ، سائیکل یا کار پر وہ حکومت کا جیٹ نہیں ہے، ہم نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔

 

احسن جمیل گجر نے رضوان گوندل کی پوسٹنگ میں اپنا ہاتھ ہونے کے معاملے پر کہا کہ رضوان گوندل کی ٹرانسفر میں کرپشن کا عمل کہاں تھا؟ فرح کو کسی نے گھڑی بیچنے کیلئے نہیں دی، نہ ہمارا گھڑیاں بیچنے کا کوئی کاروبار ہے نہ ہمیں کسی نے کوئی گھڑی دی ہے ، عطاء تارڑ اپنی قیادت کو گمراہ نہ کریں۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ فرح کے ذریعے خاتون اول کو پیسے جاتے تھے ان پر کیس بنائیں گے جس پر احسن جمیل گجر نے کہا کہ جہاں جانا ہے جائیں کیس بنائیں میں دیکھ لوں گا، نہ ہم سے کوئی مطالبہ کیا گیا نہ ہم نے بنی گالہ کو کوئی مالی فائدہ پہنچایا ہے ، عون چوہدری کے پاس ثبوت ہیں تو عدالت جائیں، میں کوئی قسم نہیں اٹھاؤں گا، ان کی خواہش ہے کہ عمران خان کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close