آئندہ الیکشن کس سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر لڑوں گا؟ راجہ ریاض نے باقاعدہ اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما راجہ ریاض نے آئندہ الیکشن این اے 110 سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر لڑنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے اس وقت سب کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر لگی ہیں ، جہانگیر ترین 10 اپریل کو واپس آرہے ہیں ، نوازشریف ڈاکٹرکی اجازت ملتے ہی واپس آجائیں گے جب کہ آئندہ الیکشن فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 110 سے ن لیگ کی ٹکٹ پر لڑوں گا۔

 

چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی طرف سے اُنہیں واپسی کے لیے 3 ارب کی پیشکش کی گئی ہے ، کوئی 18 کروڑ کہہ رہا ہے کوئی 20 کروڑ کہہ رہا ہے ، حکومت 3 ارب کی آفر کر رہی ہے۔ راجہ ریاض نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ایک روپیہ رشوت نہیں لی، اگر عمران خان میڈیا پر آ کر قرآن پاک اٹھا کر کہہ دیں تو میں انہیں معاف کردوں گا۔عمران خان کے پاس کوئی کارڈ نہیں رہ گیا، پی ٹی آئی کے 11 لوگ اور 2 وفاقی وزیر آ رہے ہیں، اس کے علاوہ عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں، وہ سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کیلئے رابطے کررہے ہیں اور کہیں مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

 

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے اور مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی 2 سے 3 جبکہ سنا ہے (ق) لیگ کے پاس بھی 3 سے 4 افراد موجود ہیں ، 2 وزیر آنا چاہ رہے ہیں لیکن ان کیلئے گنجائش نہیں بن رہی، اگر گنجائش بن گئی یا ہم میں کچھ لوگ راضی ہوگئے تو شاید وہ آ جائیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار کو این آر او کی ضرورت ہے ، بزدار عمران خان کو چھوڑ کر بھاگنے والے ہیں ، خرچ کرنے والے جاچکے اب پی ٹی آئی میں صرف کمانے والے رہ گئے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close