ایک ہی دن میں ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافہ، ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر چلا گیا

کراچی (پی این آئی ) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔منگل کے روز ڈالر کی قیمت میں ایک روپے سے زائد اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت 185 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 16 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 184 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا۔

 

دن کے اختتام پر ڈالر کی مجموعی قیمت میں 1 روپے 14 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 185 روپے 23 پیسے پر بند ہوئی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 186 روپے روپے 20 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے،دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ مارچ کے دوران تجارتی خسارہ 3 ارب 44 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پچھلے ماہ فروری کے 3 ارب 8 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 11.63 فیصد زائد ہے،فروری کے مقابلے میں مارچ کے دوران تجارتی خسارہ بڑھنے کی وجہ بیک وقت برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ ہے۔درآمدات میں تو رواں مالی سال کے ابتدا ء سے ہی اضافہ ہورہا ہے لیکن مارچ کے دوران برآمدات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

 

وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق فروری کے مقابلے میں مارچ کے دوران برآمدات میں 3 فیصد کمی ہوئی جبکہ درآمدات جو فروری میں 6 ارب ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی تھیں مارچ میں 5 فیصد کے اضافے سے 6 ارب ڈالر کی سطح سے تجاوز کرتے ہوئے 6 ارب 18 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہوگئیں۔اسی طرح مارچ 2021 کے مقابلے میں مارچ 2022 کے دوران بھی تجارتی خسارے میں 5 فیصد اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ سال مارچ میں تجارتی خسارہ 3 ارب 26 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا جبکہ پچھلے ماہ مارچ کا تجارتی خسارہ 3 ارب 44 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں