اپوزیشن کو ایک اور جھٹکا دینے کی تیاریاں، وزیراعظم عمران خان کس سے ملاقاتیں کرنے جارہے ہیں؟ بڑی خبر آگئی

اسلام آباد ( پی این آئی ) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کل لاہور کے دورے کا امکان ہے جہاں ان سے ناراض ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں کرائی جاسکتی ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب میں جاری سیاسی ہلچل کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ لاہور میں اہم ملاقاتیں کریں گے ، ان سے ملاقات کرنے والی نمایاں شخصیات میں عثمان بزدار اور پرویزالہٰی شامل ہیں۔

 

اس دوران عمران خان اتحادی جماعت کے ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ ان سے پی ٹی آئی کے ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقاتیں کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ حکومت کی طرف سے پنجاب کی سیاست پر اہم فیصلے کا امکان ہے جس کے لیے وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب ، عثمان بزدار اور سینیئر پارٹی رہنما میاں محمود الرشید کو اسلام آباد بلا لیا ، میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نئے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء میاں محمود الرشید کو اسلام آباد طلب کیا ہے ۔ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں پنجاب کے سیاسی بحران میں ممکنہ آپشنزپرمشاورت ہوگی ، ملاقات میں میاں محمودالرشید پنجاب اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق نمبر گیم کے بارے میں بریف کریں گے جب کہ نئے گورنرپنجاب عمر سرفراز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں آئندہ کےلائحہ عمل سے متعلق رہنمائی لیں گے۔

 

دوسری طرف حزب اختلاف کی جماعتوں نے پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں مزاحمت کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جیو نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے اپوزیشن جماعتوں اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کی جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کیے جانے پر سخت مزاحمت کی جائے گی ، مشاورت کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے پنجاب میں گورنر راج لگائے جانے پر بھی سخت ردعمل دینے پر اتفاق کیا۔ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی ، ترین گروپ ، علیم خاں گروپ اور دیگر ساتھیوں سے مشاورت کی گئی ، اس دوران اپریل تک مشترکہ حکمت عملی کے تحت ایک ساتھ چلنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ مسلم لیگ ن نے اپنے ارکان اسمبلی کو الرٹ رہنےکی ہدایت کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں