قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں جو کچھ ہوا غیر آئینی تھا، پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے ہی بغاوت کر دی

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے متحدہ اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی میں جو ہوا وہ غیر آئینی ہے، اسمبلی کے ایوان میں پی ٹی آئی کو سپورٹ نہیں کروں گی۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل میں اپنے ساتھیوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے پہنچی ہوں۔

 

 

یہاں واضح رہے کہ لاہور کے مقامی ہوٹک میں متحدہ اپوزیشن کے اراکین پنجاب اسمبلی مقیم ہیں جہاں پر عظمیٰ کاردار اور علیم خان اراکین اسمبلی سے ملنے آئے ہیں۔دوسری جانب حکومت کی طرف سے پنجاب کی سیاست پر اہم فیصلے کا امکان ہے جس کے لیے وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب ، عثمان بزدار اور سینیئر پارٹی رہنما میاں محمود الرشید کو اسلام آباد بلا لیا ۔میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نئے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء میاں محمود الرشید کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں پنجاب کے سیاسی بحران میں ممکنہ آپشنزپرمشاورت ہوگی۔ ملاقات میں میاں محمودالرشید پنجاب اسمبلی میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق نمبر گیم کے بارے میں بریف کریں گے جب کہ نئے گورنرپنجاب عمر سرفراز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں آئندہ کےلائحہ عمل سے متعلق رہنمائی لیں گے۔

 

واضح رہے کہ حکومت نے کل صبح ہی چوہدری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے برطرف کیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنماؤں میں شامل عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا اور کل شام کے وقت عمر سرفراز چیمہ نے بطور گورنرپنجاب حلف اٹھایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close