اپریل سے جون تک کتنی بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے پیشنگوئی کر دی

لاہور ( پی این آئی ) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں اپریل سے جون تک معمول سے کم بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال اپریل اور مئی کے دوران معمول سے کافی کم جب کہ جون میں معمول سے قدرے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔جب کہ اس دوران گلگت بلتستان ، کشمیر، پنجاب اور بلوچستان کے اکثر علاقوں میں معمول یا معمول سے قدرے کم بارشوں کا امکان ہے جب کہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔

 

 

اپریل سے جون کے دوران ملک بھر میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔خشک موسم اور درجہ حرارت میں اضافہ سے پولی نیشن کے عمل میں تیزی آئے گئ جس سے پولن سیزن کا جلد خاتمہ ہو جائے گا۔موسم سرما میں معمول سے کم برفباری اور حالیہ سیزن کے دوران معمول سے کم بارشوں کے باعث پانی کے بڑے ذخائر میں آنے والے سیزن کے لیے پانی کی کمی کا سامنا رہے گا۔علاوہ ازیں ملک کے بیشتر علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کردیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 10 دنوں تک درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں آ نے والے دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی توقع ہے ۔

 

 

اس دوران سندھ ، جنوبی پنجاب ، وسطی اور جنوبی بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت 09 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اسی طرح بالائی پنجاب ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، صوبہ خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی دن کے وقت درجہ حرارت میں معمول سے 08 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کی توقع کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close