یواین مشن میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان کی نمازِ جنازہ مظفر آباد میں ادا کر دی گئی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) یواین مشن کانگو میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان کی نمازِ جنازہ آزاد جموں و کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد کے یونیورسٹی گراونڈ میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں آزادکشمیر کے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد ، ممبر قانون ساز اسمبلی سید بازل علی نقوی سمیت آزادکشمیر کے سابق چیف جسٹس صاحبان، اعلیٰ سول و فوجی حکام، شہداءکے لواحقین ، وکلا، اہلیان شہر اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی ۔لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان شہید ریٹائرڈ رینج آفیسر جنگلات محمد الیاس اعوان کے فرزند ہیں ۔

آصف علی اعوان شہید کا ہیلی کاپٹر چند روز قبل کانگو میں یواین مشن میں دوران پرواز حادثہ کا شکار ہو گیا تھا جس میں وہ شہید ہو گئے تھے۔ اس موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کرنل آصف علی اعوان اور شہید ہونے والے ان کے ساتھیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید زندہ و جاوید ہیں، افواج پاکستان نے قربانیاں پیش کر کے ہمیشہ ملک و قوم کا سر فخر سے بلند رکھا۔ کرنل آصف اعوان کی شہادت پر پوری کشمیری قوم انہیں سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کرنل آصف علی اعوان کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close