وزیراعظم عمران خان کل کیا کرنے جارہے ہیں؟ پوری قوم انتظار کرنے لگی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کا کہنا ہے کہ کل سہ پہر عمران خان پھر ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ میں عوام کی براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کریں گے۔شہباز گل نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کے سوالات کے جواب دیں گے۔اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد کابینہ ڈویژن نے عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیا ہے یعنی اب وہ وزیراعظم کے عہدے پر فائز نہیں رہے۔

 

سوال یہ ہے کہ جب عمران خان وزیراعظم نہیں رہے تو وہ وزیراعظم کی حیثیت سے کسی پروگرام میں کیسے شرکت کرسکتے ہیں؟خیال رہےکہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف آج تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا جس کے بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تاہم اپوزیشن نے اس سارے عمل کو غیر آئینی قرار دیا اور اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا۔قومی اسمبلی کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے بھی ازخود نوٹس لے لیا ہے جس کی آج ابتدائی سماعت ہوئی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی ماورائے آئین اقدام سے روک دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close