تحریک انصاف آزاد کشمیر کے بانی رہنما راجہ مصدق خان کی غائبانہ نماز جنازہ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ادا کی گئی، وزیر اعظم سمیت متعدد سینئر رہنماؤں کی شرکت

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے بانی رہنما راجہ مصدق خان مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ادا کر دی گئی۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی ،سینیٹر و سابق چیف آرگنائزر تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی،صدر تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان، وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق، دیوان علی چغتائی، چوہدری محمد اخلاق، چوہدری مقبول احمد، ممبران اسمبلی، صدارتی مشیر جنرل سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی آزادکشمیر راجہ منصور خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی سردار مرتضی علی احمد، صدر انصاف ویلفیئر ونگ ملک حبیب اورکزئی،

انفارمیشن سیکریٹری پی ٹی آئی ارشاد محمود، کرنل ریٹائرڈ امان اللہ خان،، صدر اے کے این ایس زاہد تبسم ، سابق صدر اے کے این ایس عامر محبوب ، نائب صدر انصاف ویلفیئر ونگ آغا شیراز اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے تعزیت ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ مصدق مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ راجہ مصدق خان نہ صرف تحریک انصاف بلکہ سیاست کے ماتھے کا جھومر تھے ،

انہوں نے شرافت، دیانت اور محنت کے ذریعے سیاست کے میدان میں ممتاز کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ راجہ مصدق کی پارٹی کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔ انہوں نے نئے آنے والوں کو خوش دلی سے پارٹی میں قبول کیا۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان نے کہا کہ راجہ مصدق عمران کے قریبی ساتھی اور تحریک انصاف کے کشمیر میں بانی ہیں۔ چند دن بعد ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک ریفرنس کیا جائے گا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں