وزیر قانون بنتے ہی پہلا کام کیا کروں گا؟ فواد چوہدری نے شہبازشریف کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کل انہیں وزیرقانون کا قلم دان دیا جائے گا ، وزیر قانون بننے کے بعد وہ سب سے پہلے شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کروائیں گے۔وفاقی وزراء کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک شخص گھر بیٹھےوزیراعظم بن گیا ہے۔

 

مجھے وزیرقانون کا چارج مل رہا ہے تو میں سب سے پہلے شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرواؤں گا اور شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب کرچی کرچی کردوں گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے شہباز شریف عدالت سے ضمانت پر ہیں اور وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں،ہماری قانونی ٹیم کی ملاقات میں بھی اس حوالے سے حکمت عملی طے ہو گئی ہے۔کل سپریم کورٹ سے ان کی ضمانت منسوخ کرواؤں گا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وفاقی ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،اس لیے ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حیرت ہے کہ اچانک 22لوگوں کا ضمیر کیسے جاگ گیا؟پاکستان کے لوگ غیرت مند ہیں یہ ان کی بد قسمتی ہے کہ ان جیسے لوگ ان پرمسلط کیے گئے ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ امریکا کی ڈرپ کواتار پھینکیں گے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close