وزیراعظم آزادکشمیر نے شاہ سلطان پل، سی ایم ایچ فلائی اووراور ماکڑی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا مظفرآباد شہر میں جاری ترقیاتی منصوبہ کاورہ، ترقیاتی منصوبوں پر جاریہ کام کا معائنہ کیا، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے شاہ سلطان پل، سی ایم ایچ فلائی اووراور ماکڑی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو تینوں منصوبوں پر ترقیاتی کام کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی، وزیرعظم نے منصوبوں کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھو تہ نہیں کیا جائے گا، حکومت مظفرآباد شہر کو دارلحکومت کے شایان شان بنانے کے لیے مزید منصوبے بھی لگائے گی، میری حکومت نے اپنی اولین ترجیح میں شاہ سلطان پل اور سی ایم ایچ فلاحی اوور منصوبوں پر کام کا آغاز کیا اور فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی تاکہ جلد لوگوں تک ان منصوبوں کے ثمرات پہنچ سکیں اور شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہوں اور لوگوں کو سہولت ملے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی شفقت اور مہربانی کی وجہ سے آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں، حکومت دارلحکومت سمیت آزادکشمیر کے ہر ضلع میں ترقیاتی منصوبے لگا کر ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے گی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے آزادکشمیر کے ترقیاتی فنڈ پر کٹ نہیں لگائے بلکہ وفاقی ترقیاتی پروگرام میں بھی آزادکشمیر کے لیے بڑے منصوبے رکھے، یہ وزیراعظم پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ خصوصی دلچسپی کا عکاس ہے۔

یاد رہے کہ شاہ سلطان پل اور سی ایم ایچ فلائی اوور فنڈز کی عدم فراہمی اور توجہی کے باعث گزشتہ دو سال سے تاخیر کا شکار تھے، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے اقتدار میں آتے ہی ان منصوبوں کیلئے نہ صرف فنڈز فراہم کیے بلکہ زمین کے مسائل بھی حل کیے۔ منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں