وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے مستحقین اور بے سہارا افراد کیلئے پہلی ”پناہ گاہ“ کا افتتاح کر دیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے غریب، مستحقین اور بے سہارا افراد کیلئے آزادکشمیر کی پہلی ”پناہ گاہ“ کا افتتاح کر دیا۔آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے پاکستان بیت المال کے تعاون سے دارلحکومت مظفرآباد کے مصروف کاروباری مرکز اپر اڈہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر کی خصوصی دلچسپی سے یہ پناہ گاہ بنائی گئی ہے۔ پناہ گاہ میں بے سہارا اور نادار لوگوں کیلیے مفت رہائش اور لنگر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

افتتاح کرنے کے بعد وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے پناہ گاہ کا معائنہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے وہاں موجود نادار افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، پناہ گاہ میں موجود لوگوں سے گھل مل گئے اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر سائلین نے ہاتھ اٹھا کر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو دعائیں دیں۔ پناہ گاہ کے افتتاح کے موقع وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، مشیر صنعت و تجارت چوہدری مقبول گجر، چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان، ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، ڈائریکٹر جنرل سیاسی امور محسن علی اعوان، سابق ممبر پنجاب اسمبلی خالد گجر ودیگر موجود تھے۔

افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے غریب اور بے سہارا افراد کیلئے پناہ گاہوں کا قیام عمل میں لا کر اسلامی فلاحی ریاست کا عملی تصور پیش کیا ہے۔ وزیراعظم اعظم پاکستان عمران خان غریب اور پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانے کا ویژن لیکر نکلے تھے،پناہ گاہیں، احساس پروگرام، صحت کارڈ ودیگر منصوبے اس کا عکاس ہیں۔ غریب اور بے سہارا لوگوں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے، عمران خان کی اس ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے پناہ گاہوں اور احساس کی صورت میں انقلابی پروگرام شروع کیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گھبرانے والا نہیں ایمان اور تقویٰ والا ہے‘ مقابلہ کرے گا،اپوزیشن کا اتحاد وقتی ہے،

کامیاب ہوتا نظر نہیں آتا، اگر عمران خان کیلئے مشکل پیدا کی گئی ہے ان کیلئے بھی کوئی آسانی نہیں ہوگی، عمران خان باجرت اور دلیر آدمی ہے، دلیر کے ساتھ اللہ کی مدد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں مزید پناہ گاہوں کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ غریب، مسکین اور بے سہارا افراد کی کفالت کیلئے اس انقلابی پروگرام کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔ آزادکشمیر میں پاکستان بیت المال کے ریجنل دفتر کے قیام کیلئے میں نے چیئرمین معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان کو اپنا نمائندہ مقرر کیا انہوں نے اس کیلئے کوشش کی اور یہاں بیت المال کے دفتر کے قیام کی منظوری ہو گئی، اس میں ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

آزادکشمیر میں بیت المال کے ریجنل دفتر کے قیام پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔ عمران خان نے ظہیر عباس کی صورت میں پاکستان بیت المال کے لئے درست شخص کا انتخاب کیا ہے۔ آزادکشمیر کے لوگوں کو خوشخبری دیتا ہوں کہ بہت جلد آزادکشمیر میں پاکستان بیت المال کا ریجنل دفتر فنکشنل ہوجائیگا۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پاکستان بیت المال کے ریجنل دفتر کے قیام کیلئے جلد زمین مہیا کی جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں