عدالت نے خاتون صحافی غریدہ فاروقی کو بھی بڑا جھٹکا دیدیا

لاہور(پی این آئی) لاہور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے)کی خاتون صحافی غریدہ فاروقی کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ غریدہ فاروقی نے گزشتہ سال عید الاضحی پر جانوروں کی قربانی کے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایسی بات کہی تھی، جس سے مبینہ طور پر مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے۔

 

غریدہ فاروقی کی اس ٹویٹ پر ان کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے غلام مصطفی چوہدری نامی وکیل نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت کی طرف سے ایف آئی اے کو اس کیس کی تحقیقات کے لیے کہا گیا تھا۔ گزشتہ روز پیشی پر ایف آئی اے کی طرف سے مختصر تحقیقاتی رپورٹ جمع کراتے ہوئے اس کیس کو ختم کرنے کی استدعا کی گئی۔غلام مصطفی چوہدری کی طرف سے ایف آئی اے کی اس درخواست پر عدالت کو بتایا گیا کہ ادارے نے شفاف تحقیقات نہیں کیں۔ ایف آئی اے کی طرف سے تمام فریقین کو تحقیقات کے لیے بلایا ہی نہیں گیا۔ درخواست گزار وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ایف آئی اے کی کیس ختم کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر ایف آئی اے کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں