عمران خان نے اقتدار کی خاطر امریکہ سے تعلقات کو داؤ پر لگا دیا، آج سے 30 سال بعد کسی کو عمران خان کا نام بھی یاد نہیں ہو گا، وزیراعظم کے خطاب پر سابق وزیرخارجہ حناربانی کھر پھٹ پڑیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ تیس سال بعد یہ صرف یہ یاد رکھا جائے گا کہ ایک حکمران نے اپنے اقتدار کی خاطر امریکہ سے تعلقات کو داؤ پر لگادیا تھا۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بیان جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دیا اور کہا کہ آج سے 30 سال بعد کسی کو عمران خان کا نام بھی یاد نہیں ہوگا،عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ ہی یہ ہے کہ انہیں سمجھ نہیں آتی وہ دوسروں کا برا کرتے کرتے پاکستان کے ساتھ برا کردیتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ مجھےوزیراعظم عمران خان کے غیر ذمہ دارانہ رویے شدید غصہ ہے، وزیراعظم آفس میں فائز ہونے کی کچھ ذمہ داریاں بھی ہوتی ہیں، صرف ہماری حکومت کی نہیں پورے پاکستان کی ڈرون حملوں کے حوالے سے پالیسی بالکل واضح تھی۔وزیراعظم عمران خان کو موصول ہونےو الے دھمکی آمیز خط کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے حنا ربانی کھر نےکہا کہ جسے وزیراعظم لہرارہے تھے وہ درحقیقت ایک سفارتی کیبل ہے، ملک کا سفیر چھوٹی سے چھوٹی بات اور میسج کیلئے اپنے ملک کو سفارتی کیبل ارسال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سفارتی کیبل کو بنیاد بنا کر ایسا تاثر دینا کہ خدانخواستہ وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش ہورہی ہے غلط ہے،ایک سفارتی کیبل کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا ایک خطرناک اسٹینڈ ہے،جیسے ہمارے سفیر نے ہمیں کیبل بھیجا ویسے ہی پاکستان میں موجودسفیر بھی اپنے اپنے ملکوں کو یہاں کی سیاسی صورتحال سے آگاہ رکھتے ہیں، تو یہ کہنا کہ جب سفارتی کیبل آیا تب تو تحریک عدم اعتماد پیش بھی نہیں ہوئی تھی ،بلا جواز ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں