امریکا کی بھارت کو وارننگ، روس پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی پر سخت نتائج ہوں گے

نئی دہلی (آئی این پی)بھارت کے دورے پر آئے ہوئے امریکی نائب قومی سلامتی کے مشیر دلیپ سنگھ نے نئی دلی کو وارننگ دی ہے اور کہا کہ امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت سمیت کسی بھی ملک کیلئے سخت نتائج ہوں گے۔دلیپ سنگھ نے کہا کہ روس کے مرکزی بینک کے ذریعے مقامی کرنسی کا لین دین کرنے اور ادائیگی کے نئے طریقہ کار بنانے والے ملکوں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

امریکی نائب مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ خواہش مند ہیں کہ اتحادی اور شراکت کار ملک ایسا طریقہ کار نہ بنائیں جو روسی کرنسی روبل کو سہارا دیں۔ ڈالر پر مبنی مالیاتی نظام کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔اس سلسلے میں رواں ہفتے روس اور بھارت کے بینک حکام کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ہے۔دلیپ سنگھ نے کہا کہ اگر بھارت روس پر اپنا انحصار کم کرتا ہے تو امریکا بھارت کو توانائی اور دفاعی ہارڈویئر کی تیاری میں مدد دینے کیلئے تیار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی آئل ریفائنریز نے یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے 13 ملین بیرل سے زیادہ روسی تیل خریدا ہے، یہ مقدار گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے، بھارت نے گزشتہ سال 16 ملین بیرل روسی تیل خریدا تھا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں