ڈالر کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، ڈالر 185 روپے کا ہو گیا

کراچی (پی این آئی) ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا تسلسل اور سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان جاری ہے، ڈالر اوپن مارکیٹ میں 185 روپے ہو گیاہے، اس طرح ڈالر کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 183 روپے 48 پیسے رہی، واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر معمولی کمی کے بعد پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہونے لگا تھا۔

کرنسی مارکیٹ میں روپے کی گراوٹ اور ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی امریکی ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کرتی رہی۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 5 پیسے کمی کے بعد 182 روپے 28 پیسے پر ٹریڈ ہوا تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈالر 39 پیسے مہنگا ہوکر 182 روپے 71 پیسے پر ٹریڈ ہونے لگا۔فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 183 روپے 20 پیسے پر فروخت ہورہا ہے۔یاد رہے کہ مارچ کے مہینے میں ڈالر کی قدر میں 4 روپے 80 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے، انٹربینک مارکیٹ میں 28 فروری کو 177 روپے 41 پیسے پر بند ہوا تھا۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت کو عدم اعتماد سے خطرات لاحق ہونے اور اتحادی جماعت کی جانب حکومت کا ساتھ چھوڑ دینے کے باعث سیاسی سطح پر ہلچل مچ جانے کے بعد سرمایہ کاروں نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا جس کی وجہ سے

مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آ گئی اورگزشتہ روز کے ایس ای 100انڈیکس 100پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 44400پوائنٹس سے کم ہو کر44300پوائنٹس ہو گیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے1ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جبکہ47.74فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو ٹریڈنگ کے دوران مندی کی لہر آنے سے انڈیکس 44ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گیا تھا اور43900پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا تھا تاہم مارکیٹ کو سہارا دینے کی غرض سے حکومتی مالیاتی اداروں کی سرمایہ کاری سے انڈیکس44300پوائنٹس کی سطح پر بحال تو ہو گیا مگر مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close