خط میں ایسی چیزیں ہیں، سامنے آنے پر اپوزیشن تباہ وبرباد ہوجائے گی

اسلام آباد(پی این آئی) تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ خط میں ایسی چیزیں ہیں، سامنے آنے پر اپوزیشن تباہ وبرباد ہوجائے گی، خط میں پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر حملہ کیا گیا،ہم کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قوم کو جلد خوشخبری ملے گی کہ عمران خان کامیاب ہوگئے، ابھی ووٹنگ نہیں ہوئی ، ووٹنگ کے روز دیکھیں گے کہ عمران خان بازی جیت چکے ہیں۔

 

اپوزیشن کے نمبرز پورے نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ خط میں پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر حملہ کیا گیا ہے، ہم کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے لیکن پاکستان اپنے مفادات کو دیکھے گا۔کچھ حلقوں کے ساتھ ملکر اپوزیشن سازش کررہی ہے، لیکن یہ سازش ناکام ہوگئی ہے،وزیراعظم نے بتایا کہ مراسلے میں ایسی چیزیں ہیں اگر وہ سامنے لے آئیں تو اپوزیشن تباہ وبرباد ہوجائے گی،لیکن پاکستان کیلئے ٹھیک نہیں ہے، اسی لیے عمران خان ساری تفصیلات سامنے نہیں لارہے، مراسلے میں عدم اعتماد کا بھی ذکر ہے اور کہا گیا اگر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس سے قبل سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم عمران خان اپنی قوم کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور انشاء اللہ فتح پاکستان کی ہے، قتح اس قوم کی ہے فتح کپتان کی ہے۔ بعد ازاں فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب مئوخر ہوگیا ہے۔

 

دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید کا بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام کو قوم سے خطاب کریں گے، وزیر داخلہ نے کہا کہ انتظار کریں سب کچھ سامنے آ جائے گا، وزیراعظم عمران خان ڈٹ کر کھڑے ہیں۔وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے، 3 تاریخ کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہے،آج کابینہ کی میٹنگ ہے۔وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب میں موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کریں گے۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے آج دن 2 بج کر 30 منٹ پر کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی بلایا تھا۔ اجلاس میں کابینہ اراکین اور شرکاء کو وزیراعظم عمران خان کو ملنے والے دھمکی آمیز مراسلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے خفیہ خط کی تفصیلات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کر دیا،وزیراعظم نے کابینہ کو خط سے متعلق اعتماد میں لیا۔

 

کابینہ ارکان نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ کابینہ ارکان کو خفیہ مراسلہ ٹیلی پرامٹر پر دکھایا گیا۔مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمرا خان قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔قومی اسمبلی اِن کیمرہ سیشن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مراسلے پر بریفنگ دیں گے۔ خط کا تحریک عدم اعتماد سے گہرا تعلق ہے۔ ملک کے خلاف سازش پر آخری گیند تک لڑوں گا، عوام ہمارے ساتھ ہیں۔غیر ملکی سازش کے تحت منتخب حکومت کو گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کچھ لوگ غیر ملکی عناصر کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم اور باپ پارٹی کے ارکان کو شرکت کی دعوت دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close