صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا متوقع دورہ آزاد کشمیر، انتظامات کے لیے چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی زیر صدارت اجلاس

مظفرآباد(پی آئی ڈی)28 مارچ2022 چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان کی زیر صدارت صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے متوقع دورہ مظفرآباد کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری سروسز ظہیر الدین قریشی، آئی جی پولیس سہیل حبیب تاجک، سیکرٹری فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ غلام بشیر مغل، سیکرٹری برقیات چوہدری طیب،سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سہیل اعظم، ایڈیشنل سیکرٹری صحت ڈاکٹرعبدالستار،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ملازم حسین بخاری، کمشنر مظفرآباد ڈویژن،ڈی آئی جی پولیس ودیگر نے شرکت کی۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی 31 مارچ کو آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج کے تیسرے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں صدر پاکستان کے دورہ کے دوران سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ پرنسپل میڈکل کالج نے چیف سیکرٹری کو تیسرے کانووکیشن کے انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ میڈیکل کالج کے تیسرے کانووکیشن میں صدر آزادجموں وکشمیر، وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر، وزرا کرم، ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز حکومت بھی شریک ہوں گے۔ کانووکیشن میں میڈیکل کالج کے 165 طلبا و طالبات کو اسناد دی جائیں گی جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو گولڈ میڈلز، شیلڈز اور سلور میڈلز بھی دیے جائیں گے۔چیف سیکرٹری نے انتظامیہ اور پولیس کوصدر پاکستان کے دورہ کے دوران فول پروف سیکورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں