دبئی عالمی نمائش کشمیر گیلری میںسپورٹس ٹورازم کی اختتامی تقریب، وزیر خزانہ آزاد کشمیر عبدالماجد، وسیم اکرم اور دیگر شخصیات کی شرکت

دوبئی (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) آزادکشمیر کے وزیر خزانہ وریونیو بورڈ عبدالماجد خان نے کہاہے کہ پاکستانی کرکٹ ستاروں کی دوبئی کی عالمی نمائش 2020ء کشمیر گیلری میں آمد سے کشمیر وپاکستان کے یک جان دوقالب ہونے کی دلیل ہے۔آزادکشمیر میں کھیلوں کے ذریعے سیاحت کا فروغ ایک حقیقت ہے، جس کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔کھیلوں کے میدان بنانے کے لیے فنڈز مہیا کریں گے کیونکہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔

یہ خواب جلد شرمندہ تعبیر ہونے کو ہے کہ جب کشمیر پریمئر لیگ میں مقبوضہ کشمیر سے بھی کرکٹرز کھیلیں گے۔وہ دوبئی عالمی نمائش کشمیر گیلری میں منعقدہ سپورٹس ٹورازم کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے دنیائے کرکٹ کے ستارے وسیم اکرم، سیکرٹری سیاحت، سپورٹس منصورقادر ڈار، صدر کشمیر پریمئر لیگ عارف ملک نے بھی خطاب کیا۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ کشمیریوں کے لیے یہ بات اہم ہے کہ ایکسپو 2020ء میں کشمیر ی مصنوعات کی نمائش ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں کھیلوں کے فروغ کے رجحان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اور حکومت ایسی سرگرمیوں کے لیے فنڈز مہیا کررہی ہے جس سے آزادخطہ میں معاشی انقلاب آسکتا ہے۔ کرکٹ سٹار وسیم اکرم نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیرکے اس بار کے دورے کے دوران پہاڑوں کے درمیان اور دریا کے ساتھ ساتھ سفر کیا تو یہ زندگی کا مختلف تجربہ تھا۔اپنی اہلیہ کو جب ویڈیو بھیجی تو اس نے پوچھا کہ کون سی جگہ ہے۔تو میں نے کہا کہ یہ بھی پاکستان ہے۔تو اس نے کہاکہ یہ پاکستان مجھے کیوں نہیں دکھایا۔ انہوں نے کہاکہ بچپن میں پڑھتے تھے کہ کشمیر جنت نظیر ہے اور یہ خواب اس شرمندہ تعبیر ہوا جب کشمیر پریمئر لیگ سیزن 01کے دوران مظفرآباد جانا ہوا۔ مظفرآباد جاتے ہوئے ڈرائیونگ بھی مزیدار تھی۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی کرکٹ میں ٹیلنٹ بہت ہے۔

اب پاکستانی کرکٹ میں کشمیر اور کے پی کے سے کرکٹر ز نکل کے آرہے ہیں جو حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ٹوریسٹ ڈسٹنیشن ہے، ہمیں خورا ک کے معیار میں بہتری لانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر پریمئر لیگ سیزن 02پورا کشمیر میں گزاریں گے اور میر ی خواہش ہوگی کہ اہلیہ کے ہمراہ کشمیر کے آثارقدیمہ دیکھوں۔سیکرٹری سیاحت وسپورٹس منصور قادر ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ضلع میں معیاری گراونڈ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر گیلری میں کرکٹ سٹارز کی آمد سے گیلری کو چار چاند لگ گئے ہیں جس کے لیے کشمیر پریمئر لیگ اور کرکٹرز کے مشکو رہیں۔ صدر کشمیر پریمئر لیگ عارف ملک نے کہاکہ آزادکشمیرکے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے آزادکشمیر میں کرکٹ اکیڈمی بنائی جارہی ہے۔جس سے مذید کرکٹ سٹارز نکل کر قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں