تحریک عدم اعتماد، ایک اور بڑی سیاسی جماعت نے اپوزیشن کی حمایت کا باقاعدہ اعلان کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی نے متحدہ اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کردیا، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ بی اے پی کے چار ارکان اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، نئی حکومت بی اے پی پارٹی بلوچستان کے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے متحدہ اپوزیشن کی قیادت کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے چار ارکان اسمبلی نے عدم اعتماد میں ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، باپ کے پارٹی کے رہنماؤں کا دل کی اتھا گہرائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ان کو یقین دلاتے ہیں انہوں نے فیصلہ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، ہم ان کے توقعات پر پورا اتریں گے۔عدم اعتماد کے بعد نئی حکومت بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کیلئے صدق دل سے کام کریں گے، باپ پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے، اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تحریک پیش کرنے کی ہدایت کی ، جس پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی۔

 

تحریک عدم اعتماد کے حق میں161 ارکان نے حمایت کی، جس پر وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی۔تحریک عدم اعتماد پیش ہونے پر اس پر باقاعدہ بحث ہوگی ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے31 مارچ بروز جمعرات 4 بجے تک ایوان کی کاروائی ملتوی کردی ہے۔ دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ق) نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے وزارت سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت نے طارق بشیر چیمہ کو وزارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کی اجازت دی، جس پر طارق بشیر چیمہ نے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔یاد رہے طارق بشیر چیمہ مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء ہیں اور بہاولپوراین اے 172 سے مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ طارق بشیر چیمہ وفاقی حکومت کی ساڑھے تین سالوں کی کارکردگی سے سخت نالاں ہیں۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ میں نے وفاقی کابینہ چھوڑ دی ہے، اب عمران خان کے خلاف ووٹ دوں گا، کچھ دیر میں تفصیلی فیصلہ جاری کروں گا۔

 

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات پر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی فیصلہ کرنے نہیں وزیراعظم کی بات سننے گئے ہیں، وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ق اتحادی جماعتوں کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔جو بھی فیصلہ ہوگا اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں