وزیراعظم مذہب اور جلسوں کے پیچھے چھپ نہیں سکتے، ڈوبتی سیاست کو بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ(ن)مرکزی مجلس عاملہ کے رکن و صدر ٹریڈرزونگ جمشید اخترشیخ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران نیازی مذہب اور جلسوں کے پیچھے چھپ نہیں سکتے، آج اسلام آباد کے پریڈگرائونڈ میں پی ٹی آئی کے 10لاکھ لوگ5ہزار کرسیوں پر بیٹھ کر اپنے کپتان کابطور وزیراعظم آخری جلسہ دیکھیں گے، جس طرح اس کپتان کے10لاکھ لوگ5ہزار کرسیوں پر بیٹھ جائیں گے تو ٹھیک اسی طرح سے کپتان کی قومی اسمبلی میں اکثریت بھی اقلیت میں بدل جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ”مار گئی مہنگائی، دہائی ہے دہائی”، تحریک انصاف کی حکومت سے قوم کو جتنی توقعات تھیں اتنا ہی اس حکومت نے قوم کومایوس کیا ہے،ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں نے قوم کو جو سبزباغ دکھائے تھے قوم اس میں ایسے کھوئی کہ اب اسے ایک وقت کی روٹی کے بھی لالے پڑے ہوئے ہیں،پاکستان کے طول و عرض میں مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں روزبروز اضافہ ہورہاہے، راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور ،کراچی،پشاور ،کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک کی ہر گلی، محلے ،چوک چوراہوں پر مہنگائی کے خلاف بلند ہونے والی آواز اس وقت باقاعدہ ایک تحریک کی صورت اختیارکرچکی ہے،مسلم لیگ(ن) کا مہنگائی مکائو مارچ میںعوام نے اپنا فیصلہ حکومت کے خلاف سنا دیاہے، عوام کا جوق درجوق لانگ مارچ میں شرکت کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ آج بھی قائدمیاں نوازشریف اور ان کی ٹیم کے ساتھ ہیں۔مسلم لیگی رہنماجمشیداخترشیخ نے مزیدکہاکہ قرضے لینا اور قیمتیں بڑھانامعاشی پالیسی نہیں ہوتی،مہنگائی میں ہوشربااضافے کے باوجود بنی گالا میں سب اچھا کی رپورٹ ہے، یہ اپنی نااہلی اور عوامی مطالبے پر گھر جا رہے ہیں، تبدیلی سرکار عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کے بجائے جلسے کرنے میں سرکاری وسائل استعمال کررہی ہے،

یہ سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک مفادات گروہ جمع کیاگیا تھا جن کے سرسے ہاتھ اٹھتے ہی ان کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے،احتساب کے نام پر جوحکمرانوں نے ڈرامہ رچائے رکھا اس کا ان کو جواب اب دینا پڑے گا،پاکستان کے عوام کو مہنگائی کے سونامی سے نجات ملنے والا ہے،28مارچ کو حقیقی تبدیلی نظر آنے والی ہے،اس نالائق ٹولے کاساتھ دینے والوں کا محاسبہ عوام آنے والے انتخابات میں کریں گے،جب عوام اپنے ساتھ ہونے والے سلوک کا بدلہ لیتے ہیں تو لوگ تاریخ کے گمشدہ اوراق بن کررہ جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام مہنگائی،بیر وزگاری،بدامنی اوراقرباپروری کے خلاف اسلام آباد کی طرف مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میںعظیم الشان مہنگائی مکائومارچ میں بھرپور انداز میں نکلے ہیںجو نالائق حکمران ٹولے کو اپنی تیز لہروں سے بہاکر لے جائے گا،نااہل حکومت تحریک عدم اعتماد سے راہ فرار اختیارکررہی ہے لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیںدیںگے، میدان میں رہ کر آئینی طریقے سے لڑیں گے،نالائق حکمران ٹولہ عوام کے سامنے حکومتی کارکردگی کو بڑھاچڑھا کر پیش کررہے ہیں،اگر وزیراعظم اور ان کے نالائق ٹولے کے دعوئوں میں صداقت ہے تو پھر بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیا خوردونوش سمیت اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں روزبروزاضافہ کیوں ہورہاہے،خوردنی تیل اور گھی کی قیمتیںر وزانہ کی بنیاد پر بڑھتی جارہی ہیں، چاول، چینی ،آٹاکی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جبکہ سیمنٹ کی بوری کی قیمت800روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے ،ناقص انتظامات اور جھوٹے دعوئوں سے ملک وقوم کا مقدر سنور نہیںسکتا۔مسلم لیگی رہنماجمشید اخترشیخ نے کہاکہ تبدیلی سرکار تاریخ کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے،اتحادیوں کے ساتھ تبدیلی سرکار کے اپنے ممبران بھی ساتھ چھوڑ کراپوزیشن جماعتوں کے اصولی موقف کی تائید کرتے دکھائی د ے رہے ہیں

جو پی ڈی ایم الائنس کے اصولی موقف کی فتح ہے،سیاست میںتشدد کے فروغ کی باتیں کرنے والے نالائق ونااہل وزیرمشیر ہوش کے ناخن لیں، یہ اپنے اقتدار کے دوام کیلئے پاکستان کی سیاست کو جس سمت میں لے جاناچاہتے ہیں وہ ملکی مستقبل اور جمہوری عمل کیلئے خطرناک ترین ہوگا، نااہل حکمران ٹولے کے دن گنے جاچکے ہیں،حیلے بہانوں سے راہ فرار اختیار کرنے سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی سے لگنے والے آخری جھٹکے سے حکومت کبھی نہیں بچ سکتی، ضمیر کی آواز پر حکومت کی ناقص پالیسیوں سے اختلاف کرنے والے ارکان اسمبلی کو لوٹے کہنے والی سلیکٹڈ حکومت کے وزیراعظم عمرا ن نیازی اب منت سماجت کرکے ان کوواپس آنے کیلئے ترلے کررہے ہیں لیکن وہ اب چند دن کی مہمان حکومت میں کبھی واپس نہیں آئیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close