کبھی کچا ہاتھ نہیں ڈالتا،آصف علی زرداری نے ایک بار پھر عدم اعتماد کی سو فیصد کامیابی کا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کبھی کچا ہاتھ نہیں ڈالتا، عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہوگی، ملکی سیاست کا اہم موڑ آگیا ہے، عمران خان تحریک عدم اعتماد کے نتیجے سے بچ نہیں سکتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔

 

آصف زرداری نے اجلاس سے مختصر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی ارکان کو مطمئن رہنے کا پیغام دیا اور کہا کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد کے نتیجے سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی کچا ہاتھ نہیں ڈالتا، عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہوگی،تمام معاملات طے ہیں، اللہ کے کرم سے فتح اپوزیشن کی ہوگی۔آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی حکومت کے تصور کا سوال نہیں لیکن جو بھی ہوگا وہ اتحادیوں کے ساتھ ہوگا۔اگر اسپیکر نے قراداد پیش نہ ہونے دی تو احتجاج کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ کچھ غیرجمہوری قوتیں موجودہ حالات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، جنہیں شوق ہے تو وہ آکر شوق پورا کرلیں۔ اسی طرح اجلاس کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے سے روکنے کے لئے اسپیکر نے آج ایک اور کمزور عذر تراشا ہے۔عمران خان ہمیشہ نہیں بھاگ سکتا۔ وزیراعظم میں اسپورٹس مین اسپرٹ نہیں۔عمران خان وقار سے شکست کا سامنا نہیں کرسکتے۔عظیم کپتان کہلانے والا ڈوبتے جہاز پر چوہے کی طرح خود بھی ڈوب جائے گا۔

 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنماء خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کیلئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعداد جاری کردی۔انہوں نے ٹویٹر پر قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس سے متعلق اپوزیشن ارکان کی تعداد کو جاری کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ الحمداللہ، ریزرو کی تعداد شامل کرلی جائے تو اپوزیشن ارکان کی تعداد حکومت سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان کی لسٹ جاری کی، جس میں لکھا ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام84 ایم این ایز نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی کے 56 ارکان میں سے 55 ارکان ، ایم ایم اے کے 15 ارکان میں سے 14 ارکان شامل ہوئے۔ اے این پی کے ایک رکن، بی این پی چار میں سے چار ارکان، آزاد امیدواروں میں 2 میں سے ایک رکن نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے جام عبدالکریم، آزاد رکن علی وزیر اور ایم ایم اے کے عبدالاکبر چترالی موجود نہیں تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close