وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف بیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، وزیراعظم آزاد کشمیر کا اسلام آباد جلسہ کے متعلق پلندری میں عوامی رابطہ مہم کے دوران خطاب

پلندری /سدھنوتی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی تاریخ میں بڑی کامیابی ہے۔ او آئی سی کے کشمیر پرجاندار موقف کا خیر مقدم کرتے ہوئے محسن کشمیر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف بیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، قوم عمران خان کے ساتھ ہے، وزیراعظم پاکستان کہیں نہیں جائیں گے، پاکستان دشمن قوتوں کو آج پاکستان کی ترقی اور پاکستان کا عالمی برادری میں باوقار مقام ہضم نہیں ہو رہا، چھانگامانگا اور مری کی روایتی سیاست کرنے والوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ وہ کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، عمران خان اگر میدان میں آ گیا تو گلی محلوں میں اس کا مقابلہ کرنا روایتی اور سازشی سیاستدانوں کے بس میں نہیں ہو گا،عمران خان اور ان کی پارٹی کے پاس بھی وسائل کم نہیں لیکن وہ ایسی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ 27 مارچ اپنے محسن سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پریڈ گراؤنڈ جلسے میں پہنچیں اور پیغام دیں کہ کشمیری اپنے محسن عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی 27مارچ کے اسلام آباد جلسہ کے متعلق پلندری میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے، جلسہ گاہ پہنچنے وزیراعظم کا فقید المثال استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں۔جلسے سے ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ریاض گجر، وزراء حکومت سردار محمد حسین،ملک ظفر،ڈاکٹر نثار انصر ابدالی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کے لیڈر بہی ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ سے اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد منظور کرائی اسلام آباد میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس منعقد کی اس کانفرنس میں ملت اسلامیہ کو درپیش چیلنجز کا احاطہ کیا گیا کشمیر اور فلسطین کے محکوم مسلمانوں کی آزادی کا جاندار مطالبہ کیا گیا افغانستان کا مسلہ حل کرنے کے لیے آواز اٹھائی گئی اوآئی سی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق آزادی،5اگست 2019کے بھارتی اقدامات کی واپسی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں سمیت متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس پاکستان کی بہترین سفارت کاری کا نتیجہ اور بڑی کامیابی ہے لیکن کچھ سیاسی قوتوں کو پاکستان کی یہ بڑی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہی عمران خان کو یہ اعزار حاصل ہے کہ وہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم کے جانشین کے طور پر کام کر رہے ہیں اور عظیم تر پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کشمیر یوں کے محسن ہیں اور کشمیریوں کے استصواب رائے کے لیے انہوں نے ہر فورم پر آواز بلند کی۔ عمران خان نے عالمی برادری میں پاکستان اور پاکستانی عوام کا وقار بلند کیا غریب عوام کے لیے بڑی سکیمیں شروع کیں آج ہر غریب کو مفت علاج کی سہولت میسر ہے، نادار گھرانوں کی خواتین کو وظیفہ مل رہا ہے، نوجوانوں کو بلا سود قرضے مل رہے ہیں، طالب علموں کے لیے سکالر شپس کا اجراء کیا گیا ہے، عمران خان ملک کے غریب لوگوں کا درد رکھتے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ 27مارچ کے جلسہ کے لیے عوام رابطہ مہم کے لیے شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین سدھنوتی کا انتخاب کیا ہے سدھنوتی کے عوام 27مارچ کے اسلام آباد جلسہ میں بھرپور شرکت کریں اور عمران خان پر اعتماد کا اظہار کریں 27مارچ کے جلسہ میں تاؤ بٹ سے بھمبر تک کے کشمیری پوری قوت کے ساتھ شرکت کریں گے اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے سدہنوتی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام چھ چھن میں نیابت کے قیام،سدھنوتی میں 2ہائی 2مڈل اور 2پرائمری سکولوں کی اپ گریڈیشن،پلندری ہسپتال کے لیے جملہ سٹاف کی فراہمی،پائلٹ ہائی سکول کی چار دیواری، پلندری ہسپتال میں پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ،بانڈی بازار میں سپلائی ڈپو کے قیام کے اعلانات کیے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سردار محمد حسین بزرگ سیاستدان ہیں وزارت عظمیٰ کے پروٹوکول سے ہٹ کر ان کی عزت کرتا ہوں سردار محمد حسین خان عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں یہ جو بھی حکم کریں گے اسے پورا کریں گے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر نجیب نقی 35سال سے اقتدار میں رہے بتائیں انہوں نے اپنے لوگوں کے لیے کیا کیا ڈسٹرکٹ ہسپتال 20سالوں سے التواء کا شکار تھا ہم نے اقتدار میں آنے کے بعد اسے مکمل کیا اور اسے فنکشنل بنایا پلندری ہسپتال سے جو ڈاکٹر اور دیگر سٹاف غیر حاضر ہے اسے یہاں حاضر کیا جائے گا جو فرض پورا نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close