ان کی غلط فہمی ہے میں ان کے دباؤ میں آ جائوں گا، وزیراعظم بھی ڈٹ گئے، سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارتی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔وزیراعظم عران خان سے قانونی ٹیم کی بھی ملاقات ہوئی۔اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو گی۔ہم آخر تک اس مافیا کا مقابلہ کریں گے، یہ ان کی غلط فہمی ہے میں ان کے دباؤ میں آ جاوں گا۔

 

27 مارچ کو عوام بتا دیں گے وہ کس کے ساتھ ہیں۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نےپی ٹی آئی کے 27 مارچ کے جلسے کے حوالے سے قوم کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ قرآن میں اللہ کا مسلمانوں کو حکم ہے کہ تم نے اچھائی کے ساتھ اور برائی بدی کے خلاف کھڑے ہونا ہے ، کیوں کہ اس سے ہی ایک معاشرہ زندہ رہتا ہے ، کھلے عام ساری عوام کے سامنے اس ملک میں ڈاکوؤں کا ٹولہ جو 30 سال سے اس ملک کو لوٹ رہا ہے ، کرپشن کر رہا ہے اور پیسے باہر بھیج رہا ہے ، اس نے اکٹھے ہوکر عوامی نمائندوں کے ضمیر کی قیمتیں لگائی ہیں ، ان کو کھلے عام خرید رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ ساری میری قوم 27 مارچ کو میرے ساتھ نکلے صرف ایک پیغام دینے کے لیے ہم بدی کے ساتھ نہیں بلکہ بدی کے خلاف ہیں ، ہم اس ملک میں ملک کی جمہوریت اور قوم کے خلاف ہونے والے اس جرم کہ آپ چوری کے پیسے سے عوام نمائندوں کے ضمیر خرید رہے ہو ، قوم اس کے خلاف ہے اور میں چاہتا ہوں کہ قوم 27 تاریخ کو میرے ساتھ نکلے اور سارے پاکستان کو پتہ ہونا چاہیئے کہ آئندہ کسی کی جرات نہیں ہونی چاہیئے کہ اس طرح ہارس ٹریڈنگ کرکے اس ملک کی جمہوریت اور قوم کو نقصان پہنچائے۔

 

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے بیٹ رپورٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے جو دور جائے گا وہ پیسے کے لیے جائے گا، میں عدم اعتماد کی تحریک کی ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپنے تمام پتے ظاہر کروں گا، اپوزیشن نے دباو میں آکر اپنے سارے پتے ظاہر کردیئے، چودھری نثار سے 50 سالہ دوستی ہے، چودھری نثار سے ملاقات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے سارے پتے شو کردیے ہیں لیکن میں عدم اعتماد کی تحریک کی ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپنے تمام پتے ظاہر کروں گا، میں جو کچھ کر رہا ہوں وزارت عظمیٰ کے لیے نہیں کر رہا، میں واضح کہہ رہا ہوں کہ وہ نہیں جیتیں گے، اپوزیشن نے ہمارے اوپر کرم کیا کہ عوام ہمارے حق میں ہوگئی ہے، 27 مارچ کو تاریخی جلسہ کریں گے، مشورے کیلئے کبھی بھی شہباز شریف کے ساتھ نہیں بیٹھو ں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close